کیوبا سے ڈاکٹر لینے پر قطر اور جنوبی افریقہ پر پومپیو کی تنقید
کیوبا سے ڈاکٹر لینے پر قطر اور جنوبی افریقہ پر پومپیو کی تنقید
جمعرات 30 اپریل 2020 1:54
کمیونسٹ جزیرے پر اس وبا کے ذریعے فائدہ اٹھانے کا الزام لگایا ہے.(فوٹو اے ایف پی)
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کیوبا سے ڈاکٹر لینے پر قطر اور جنوبی افریقہ پر تنقید کی ہے.
اے ایف پی کے مطابق پومپیو نے کورونا کے خلاف جنگ میں کیوبا سے ڈاکٹرو ں کو قبول کرنے پر قطر اور جنوبی افریقہ کو تنقید کا نشانہ بنایا اورکمیونسٹ جزیرے پر اس وبا کے ذریعے فائدہ اٹھانے کا الزام لگایا.
کیوبا کےعالمی سطح پر کام کرنے والے ڈاکٹر طویل عرصے سے ہوانا کا فخر اور سوفٹ سفارتی طاقت رہے ہیں تاہم واشنگٹن کا کہنا ہے کہ میڈ یکل ورکز سےصرف حکومت کو فائدہ ہے.
امریکی وزیر خارجہ نے رپورٹروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ’ ہم نے نوٹس کیا ہے کہ ہوانا میں حکومت نے کیوبن میڈیکل ورکرز کا استحصال جاری رکھنے کے لیے کورونا وائرس کی وبا سے کیسے فائدہ اٹھا یا ‘.
’ہم برازیل،ایکواڈور اور بولیویا اور دیگر ممالک کے رہنماوں کو سراہتے ہیں جنہوں نے کیوبن حکومت کے ان غلط کاموں پر آنکھیں بند رکھنے سے انکار کیا اور تمام ممالک سے بھی ایسا کرنے کو کہا جس میں جنوبی افریقہ اور قطر شامل ہیں‘.
پومپیو کا کہنا تھا کہ’ کیوبا کے ڈاکٹروں کو قبو ل کرنے والی حکومتوں کو انہیں براہ راست ادائیگی کرنا ہوگی . کیوبا کو ادائیگی کی صورت میں وہ انسانی سمگلنگ سے منافع کمانے میں کیوبن حکومت کی مدد کریں گے‘.
واضح رہے کہ کیوبا نے کورونا وائرس کی وبا کے دوران ایک درجن سے زائد ملکوں میں اپنے ڈاکٹر بھیجے ہیں جس میں کورونا سے شدید متاثراٹلی شامل ہے.
کیوبا نے جو چھ دہائیوں سے امریکی پابندیوں کا شکار ہے جز یرے میں غربت کے باجود ہیلتھ کیئر کو معاشرے کا ستون بنادیا ہے.