Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد کے آئی ٹین سیکٹر میں کورونا کے 33 کیسز

صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے 358 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں (فوٹو:اے ایف پی)
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اکے آئی ٹین سیکٹر میں کورونا کے 33  مثبت کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد انتظامیہ نے آئی نائن اور آئی ٹین سیکٹرز کو مکمل طور پر سیل کر دیا ہے۔
 ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات  نے کہا ہے کہ آئی ٹین میں مزید 100 افراد کے کورونا ٹیسٹ کروا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ٹین میں سو میں سے 37 افراد کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔
ڈی سی کے مطابق آئی ٹین میں ابھی 40 سے زیادہ مشتبہ مریض ہیں اور سیکٹر میں سات دن لاک ڈاون رہے گا۔ حمزہ شفقات کا کہنا تھا کہ پچھلے دس پندرہ دن سے اس علاقے میں سماجی فاصلے کی خلاف ورزی ہورہی تھی۔
پاکستان میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور اس سے ہونے والی ہلاکتوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صرف صوبہ سندھ میں 12 افراد اس وبا سے ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ پنجاب میں چھ اموات ہوئی ہیں۔
سندھ میں ہونے والی ہلاکتیں وائرس کے پھیلنے کے بعد سے اب تک ایک دن میں ہونے والی سب سے زیادہ اموات ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ ’افسوس کی بات ہے کہ کہ 24  گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے باعث 12 اموات ہوئی ہیں۔‘ 
انہوں نے بتایا کہ جمعرات کو صوبے میں 358 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 284  کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔
جب کہ کورونا کے مزید 53 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق صوبے میں مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 112 ہوگئی ہے۔ 
انہوں نے مزید بتایا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 6053 ہے اور اب تک 1222 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔

پاکستان میں اس وقت کورونا وائرس کے 16 ہزار 117 کنفرم مریض ہیں (فوٹو:اے ایف پی)

دوسری جانب پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان کے مطابق پنجاب میں مزید 396 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد پنجاب میں اس مہلک وائرس سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 6220 تک پہنچ گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق 768 زائرین سینٹر، 1926 رائے ونڈ ، 86 قیدیوں اور 3441 عام شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
لاہورمیں سب سے زیادہ کورونا وائرس کے 1765 کنفرم مریض ہیں۔ پنجاب میں کورونا وائرس سے اب تک 106افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ اس وائرس سے 1850 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔
پاکستان میں اس وقت کورونا وائرس کے 16 ہزار 117 کنفرم مریض ہیں۔
خیبرپختونخوا میں اس مہلک وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 ہزار تین سو تیرہ ہے جبکہ صوبے میں اب تک 112 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
بلوچستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 978 ہے جبکہ صوبے میں اس وائرس سے اب تک 14 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

شیئر: