فیس بک کے نئے ری ایکشنز دنیا بھر میں جاری کیے گئے ہیں (فوٹو: سوشل میڈیا)
کورونا وائرس کی عالمی وبا شروع ہوئی تو سماجی دوری کے تحت ہاتھ ملانے اور گلے ملنے پر بھی پابندی لگ گئی، لیکن اب سماجی دوری سے متعلق ہدایات اپنے پیاروں سے گلے ملنے میں رکاوٹ نہیں بن سکیں گی۔
سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک کی جانب سے صارفین کو دو الگ الگ علامتوں کے ذریعے موقع دیا گیا ہے کہ وہ اپنے پیاروں سے گلے مل سکیں، چونکہ حالات غیر معمولی ہیں اس لیے یہ گلے ملنا بھی علامتی طور پر ہی ہوگا۔
سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ 'کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورت حال میں فیس بک نے نئے ری ایکشن متعارف کرائے ہیں تاکہ صارفین خود سے دور اپنے اہل خانہ اور پیاروں کے ساتھ جذبات کا مزید بہتر اظہار کر سکیں۔'
حالیہ اقدام کے تحت فیس بک کی جانب سے اپنے میسنجر اور فیس بک کے صارفین کے لیے الگ الگ ’کیئر‘ ری ایکشن متعارف کرائے گئے ہیں۔
فیس بک کے مشرق وسطٰی، افریقہ اور یورپ کے ٹیک کیمونیکیشن مینجر الیگزینڈرو وائسا کا کہنا تھا کہ ’ہم فیس بک ایپ اور میسنجر کے لیے نئے کیئر ری ایکشنز متعارف کرا رہے ہیں تاکہ لوگ دوسروں کے ساتھ اپنے جذبات کا اظہار کر سکیں۔ ہمیں توقع ہے کہ کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی اس غیر معمولی صورت حال میں یہ ری ایکشنز لوگوں کو ایک دوسرے کی سپورٹ کا موقع فراہم کریں گے۔'
نئی ایموجیز متعارف کروانے سے متعلق اعلان میں مزید کہا گیا تھا کہ 'فیس بک کی پوسٹس پر دیے جا سکنے والے ردعمل کے لیے پہلے سے موجود چھ آپشنز برقرار رہیں گے۔ کیئر ایموجی ساتویں ری ایکشن کے طور پر شامل کی جائے گی۔ یہ ری ایکشن پوسٹس، کمنٹس، امیجز اور ویڈیوز سمیت فیس بک کی ویب سائٹ اور ایپلی کیشن پر موجود مواد سے متعلق اپنے خیالات کے اظہار کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔
فیس بک ایپلی کیشن کی سربراہ فجی سیمو کی جانب سے بھی سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم کے نئے ری ایکشنز سے متعلق تصدیق کی گئی ہے۔
فجی سمو کا کہنا تھا کہ ’ہم نے لوگوں سے ان کی نیوز فیڈ میں دکھائی دینے والے مواد پر ردعمل کے اظہار کے لیے تجاویز لیں تو گلے ملنے سے متعلق سب سے زیادہ رائے دی گئی۔‘
فیس بک کی جانب سے 2016 میں صارفین کو موقع دیا گیا تھا کہ وہ کسی سٹیٹس کو لائیک کرنے کے علاوہ اس پر مختلف طریقوں سے اپنے جذبات کا اظہار کر سکیں۔ ہنسنے، رونے، غصے اور محبت کے اظہار کے لیے یہ ایموجیز صارفین کی بھرپور پسندیدگی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی تھیں۔
فیس بک پوسٹ پر گلے ملنے کا ری ایکشن کیسے حاصل کریں؟
سب سے پہلے ایسی فیس بک پوسٹ تلاش کریں جس کے جواب میں آپ گلے ملنے کی علامت استعمال کرنا چاہیں۔
پوسٹ کے نیچے دیا گیا لائیک کا بٹن تھوڑی دیر تک دبائے رکھیں۔
آپ کو لائیک بٹن کے علاوہ چھ علامتیں دکھائی دیں گی ان میں سے بیشتر وہ ہیں جو اس سے پہلے بھی فیس بک صارفین کو میسر رہی ہیں۔
اپنے انگوٹھے یا ماؤس کو دل سے گلے ملتے چہرے کے نشان پر لے جائیں اور اس پر کلک کریں۔ لیجیے آپ نے اس پوسٹ پر گلے ملنے کا ری ایکشن استعمال کر لیا۔
فیس بک کی جانب سے کیئر ری ایکشن دنیا بھر کے صارفین کے لیے مہیا کیے گئے ہیں۔
فیس بک کی جانب سے کورونا وائرس کے دوران صارفین کو درست معلومات سے آگاہ کرنے، غلط معلومات کے تدارک، طبی شعبے سے وابستہ اداروں و افراد کی معاونت سمیت متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔
22 اپریل کو فیس بک نے اپنی بلاگ پوسٹ پر ایسے تمام اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے لوگوں کو باہم رابطے میں رکھنے سے متعلق کیے گئے اپنے اقدامات کا ذکر بھی کیا تھا۔
فیس بک کی اس کوشش کے تحت صارفین کو موقع دیا گیا تھا کہ وہ اگر دوسروں کی مدد کرنا چاہیں یا خود مدد حاصل کرنا چاہیں تو اپنے سٹیٹس میں اس سے متعلق اطلاع دے سکتے ہیں۔
یہ پیغام پہلے سے مدد کرنے اور مدد پانے کے حوالے سے بنائے گئے کلسٹرز میں شیئر کیا جاتا ہے۔
فیس بک نے پروفیشل اداروں کے لیے اپنی سروس ’ورک پلیس‘ کو بھی مقامی حکومتوں، ایمرجنسی سروسز اور طبی اداروں کے لیے مفت کرنے کا اعلان کیا تھا۔
واٹس ایپ پر خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں