تفتیشی ٹیموں نے ریاض کے ایک کمرشل سٹور کا سروے کیا (فوٹو: سبق)
سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی تفتیشی ٹیموں نے ریاض کے ایک کمرشل سٹور میں ممنوعہ برانڈ کے سینیٹائزر فروخت کرنے پر مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کی ہے.
ویب نیوز سبق نے فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا ہے کہ 'اتھارٹی کی تفتیشی ٹیمیں مارکیٹوں کے سروے کے موقع پر جب ایک سپر سٹور میں پہنچی تووہاں ممنوعہ برانڈ کے سینیٹائزر فروخت کے لیے رکھے گئے تھے جن کی فروخت پر اتھارٹی کی جانب سے پابندی عائد کرتے ہوئے اس کے بارے میں تجارتی اداروں کوبھی مطلع کیا جا چکا تھا.
فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے مطابق 'ادارے کی ٹیمیں وقتاً فوقتاً مارکیٹوں اور تجارتی اداروں کا دورہ کرکے اس امر کویقینی بناتی ہیں کہ وہاں مقرہ قواعد پر عمل کیا جا رہا ہے یا نہیں. ایسے ادارے یا سٹورز جہاں قوانین کی خلاف ورزی کی جاتی ہے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جاتی ہے.
واضح رہے کہ سعودی عرب میں فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی جانب سے گذشتہ دنوں متعدد اقسام کے سینیٹائزرز پر پابندی عائد کی گئی تھی جس کا استعمال انسانی صحت کے لیے مضرہوسکتا تھا.
اتھارٹی کی جانب سے ذرائع ابلاغ میں بھی ممنوعہ سینیٹائزرز کے بارے میں تفصیل سے بتاتے ہوئے کہا گیا تھا کہ جن افراد نے انہیں خریدا رکھا ہے وہ فوری طور پر انہیں واپس کر کے اپنی رقم حاصل کر سکتے ہیں.
اتھارٹی کی جانب سے ممنوعہ قرار دی جانے والی اشیا کے بارے میں صارفین کو مطلع کر دیا جاتا ہے تاکہ وہ ان مصنوعات کو استعمال نہ کریں.