ریاض: کرفیو میں نرمی کے بعد ملازمین کی دفاتر کو واپسی
ریاض: کرفیو میں نرمی کے بعد ملازمین کی دفاتر کو واپسی
جمعرات 7 مئی 2020 10:20
سعودی عرب میں 26 اپریل سے 13 مئی تک کرفیو میں نرمی کی گئی ہے (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں نافذ کرفیو میں جزوی نرمی کے بعد دارالحکومت ریاض میں چند کمپنیوں نے ملازمین کی واپسی کے لیے دفاتر کھول دیے ہیں۔
26 اپریل کو سعودی عرب میں مکہ اور ارد گرد کے علاقوں کے علاوہ ملک کے دیگر حصوں میں نافذ کرفیو میں جزوی نرمی کی گئی تھی۔
سعودی وزارت داخلہ کے احکامات کے مطابق 'کرفیو میں نرمی 26 اپریل سے 13 مئی تک کی گئی ہے، اس دوران صبح نو سے شام پانچ بجے تک شہریوں کی نقل و حرکت پر کوئی پابندی عائد نہیں ہوگی، تاہم سعودی عرب کے ایک علاقے سے دوسرے علاقے میں سفر کرنے کی پابندی تاحال برقرار ہے۔'
شہریوں کی دفاتر واپسی کے بعد ریاض کی ویران سڑکوں کی رونقیں ایک مرتبہ پھر بحال ہوگئی ہیں۔
ریاض کی ایک سرکاری کمپنی کے اہلکار نصر الشلہوب نے عرب نیوز کو بتایا کہ 'گذشتہ ہفتے سے ان کی کمپنی کے چند ڈیپارٹمنٹس نے معمول کے مطابق کام کرنا شروع کر دیا تھا جبکہ دیگر اہلکار ہر دوسرے روز دفتر آ رہے تھے۔'
انہوں نے کمپنی کی کورونا کے حوالے سے اپنائی گئی احتیاطی تدابیر کے حوالے سے کہا کہ 'صرف پچاس فیصد افراد دفتر واپس آئے ہیں، ہر صبح دفتر میں داخل ہونے سے پہلے اہلکاروں کا درجہ حرارت طبی ماہر کے ذریعے چیک کیا جاتا ہے۔'
انہوں نے بتایا کہ 'کمپنی کی پوری عمارت باقاعدگی سے سینیٹائز ہوتی ہے جبکہ اہلکاروں کو ماسک اور دستانے بھی مہیا کیے گئے ہیں۔'
نصر الشلہوب کا کہنا تھا کہ دفتر سے کام کرنا ضروری نہیں تھا، گزشتہ ہفتوں کی طرح گھر سے کام جاری رکھا جا سکتا تھا۔انہوں نے کہا کہ گھر سے کام کرنے کے لیے کمپنی نے ضروری ڈیوائسز کا بندوبست کر کے دیا تھا لیکن کچھ لوگوں کو ٹیکنالوجی کے استعمال کا محدود علم ہے جس کی وجہ سے دفتر واپس جانا پڑ رہا ہے۔
کرفیو میں نرمی ہوتے ہی اکثر کمپنیوں نے محدود عملے کو واپس دفتر بلایا ہے، وہ بھی روزانہ کے بجائے ہر دوسرے دن دفتر جاتے ہیں تاکہ وبا کے پھیلنے کے خطرے کو کم سے کم کیا جائے اور چھ فٹ کا سماجی فاصلہ رکھنے کی پابندی کی جا سکے۔
ریاض کی ایک کمپنی کے ساتھ منسلک اکاؤنٹنٹ ذاکر عظمی نے عرب نیوز کو بتایا کہ 'کرفیو میں جزوی نرمی کے بعد ان کی کمپنی نے ملازمین کو واپس دفتر بلوانے کا فیصلہ کیا، ’تاہم کمپنی کے قانونی اور دیگر ڈیپارٹمنٹس کے خیال میں فی الحال گھر سے ہی کام کرنا بہتر ہے، لیکن چونکہ وبا ابھی بھی پھیل رہی ہے اور روزانہ نئے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں، کمپنی نے فیصلہ کیا کہ صرف ضرورت کے تحت دفتر آیا جائے۔‘
اگرچہ چند کمپنیاں ملازمین کو جزوی طور پر دفاتر واپس بلوانے پر غور کر رہی ہیں، تاہم ایسے میں احتیاطی تدابیر مسلسل اپنانا ضروری ہوگا۔