Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رمضان میں منہ کی بو سے چھٹکارہ کیسے؟

رمضان  کے دوران روزہ دار منہ کی بو سے کافی پریشان رہتے ہیں۔ بو کے متعدد منطقی اسباب ہیں۔ یہ بھی دیکھنے میں آیا ہے کہ رمضان میں جن کے منہ سے بو آتی ہے انہیں غیر اراری طور پر دوسروں سے گفتگو کرتے ہوئے پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
سعودی عرب کے میگزین الرجل نے اس کے اسباب اور بو سے چھٹکارہ پانے کے طریقے بیان کیے ہیں۔

منہ کی بو کے اسباب

خوراک میں شامل بعض مصالحہ جات، پیاز اور لہسن شامل ہوتے ہیں جو بعض اوقات بو پیدا کرنے کا سبب بنتے ہیں جبکہ مچھلی، پنیراور ایسے کھانے جن میں فاسفورس کی مقدار زیادہ ہوتی ہے وہ بھی بو کا سبب بنتے ہیں، ان کے علاوہ دانتوں میں خوراک اور قہوے کے اثرات رہ جانا بھی بو پیدا کرنے کے اسباب ہیں۔

دانتوں کی صفائی

وہ افراد جو دانتوں کی صفائی پابندی سے نہیں کرتے، جس کی وجہ سے خوراک کے ذرات دانتوں کی ریخوں میں رہ جاتے ہیں جن سے دانتوں میں پلاک پیدا ہوتا ہے جس سے بومحسوس ہوتی ہے۔
تمباکو نوشی، سگریٹ نوشی، نسوار یا تمباکو کے استعمال سے منہ میں ایسا کیمیکل ایکشن ہوتا ہے جو تمباکو نوشی کے بعد بھی منہ میں رہتا ہے جس سے بو آتی ہے۔
منہ کا خشک ہونا، منہ جب خشک ہوتا ہے تو اس سے بو آنے لگتی ہے۔ لعاب دہن ایک ایسا قدرتی جراثیم کش مواد ہوتا ہے جو خودکار طریقے سے مسلسل منہ کو تر رکھتا ہے اور اسے خشک نہیں ہونے دیتا اور جب منہ خشک ہوجاتا ہے تو اس سے بو آنے لگتی ہے۔

نیند

جب انسان سو کر اٹھتا ہے تو اس کے منہ سے بو آنا قدرتی امر ہے کیونکہ سوتے ہوئے لعاب پیدا کرنے والے گلینڈز کام نہیں کرتے جن سے قدرتی جراثیم کشی کا عمل رک جاتا ہے جس کے ذریعے منہ میں پیدا ہونے والے بیکٹیریا کے خاتمے کا عمل بھی موقوف ہوجاتا ہے جس سے منہ سے بو آنے لگتی ہے۔

منہ کی بو سے نجات کے طریقے

پانی کا استعمال

ماہرین کا کہنا ہے کہ سحری اور افطاری میں پانی کثرت سے استعمال کیا جائے۔ کم از کم دو سے تین لیٹر پانی استعمال کیا جائے جبکہ سافٹ ڈرنک سے جہاں تک ہوسکے اجتناب برتیں کیونکہ سافٹ ڈرنکس میں شوگر کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو پیاس کا سبب بنتی ہے۔

میٹھا کم کھائیں

چینی اور اس سے بنی ہوئی اشیا بیکٹیریا کے لیے مثالی خوراک ہوتی ہیں جن سے زہریلے مواد جمع ہوجاتے ہیں جو بعدازاں منہ سے بو کے اخراج کا باعث بنتے ہیں۔
تمباکو نوشی ، سگریٹ نوشی یا تمباکو کا استعمال بھی ترک کردیں۔ کیفین کی مصنوعات بھی مضر ثابت ہوتی ہیں جن سے وہ گلینڈز متاثر ہوتے ہیں جو لعاب پیدا کرتے ہیں۔

کھانے کی تقسیم

کوشش کریں کہ ایک ہی وقت میں پیٹ بھر کر کھانا نہ کھائیں بلکہ معدے کو کچھ وقت کےلیے خالی بھی رکھیں تاکہ وہ اپنا کام مناسب انداز میں کرے اگر پیٹ بھر کر کھانا کھائیں گے تو معدے میں گیس بننے گی جس سے پیٹ کا ابھار بھی بڑھ جائے گا اور منہ کی بو میں مزید اضافہ ہوگا اس لیے کوشش کریں کہ کھانا تھوڑا سا لیں اور وقفے سے لیں۔

شہد کا استعمال

ماہرین کا کہنا ہے کہ شہد کا استعمال منہ کی بو کو روکنے میں کافی معاون ثابت ہوتا ہے۔ شہد کی خاصیت ہے کہ وہ بیکٹیریا کا خاتمہ کرنے کی مثالی صلاحیت رکھتا ہے۔ اگرچہ شہد خود میٹھا ہوتا ہے تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ افطاری کے بعد شہد کا استعمال منہ کی بو کو روکنے کے لیے کافی مفید ثابت ہوتا ہے۔

شیئر: