کشمیر پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی کی ایک بڑی وجہ ہے جس پر دونوں ممالک کے سیاسی رہنما ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بناتے رہتے ہیں۔ سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے لیے سخت بیانات اور ایک دوسرے پر الزام تراشی کوئی نئی بات نہیں مگر اب یہ روایت سیاست کے میدان سے نکل کر کھیلوں کے میدان میں بھی آ پہنچی ہے۔
مزید پڑھیں
-
'انڈین بولرز کی تربیت کے لیے تیار ہوں'Node ID: 476861
-
’جادوئی لمحات پیدا کرنا مشکل ہے‘Node ID: 477701
-
شاہد آفریدی نے مشفیق الرحیم کا بیٹ کیوں خریدا؟Node ID: 479296
پاکستان کے سابق کرکٹر شاہد خان آفریدی نے انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں ہونے والے مظالم پر انڈین حکومت پر تنقید کی تو انڈین کرکٹرز بھی ان کے خلاف میدان میں آگئے۔
انڈیا ٹو ڈے کے شو 'سپورٹس تک' میں گفتگو کرتے ہوئے انڈین سپنر ہربھجن سنگھ نے کہا کہ اب ان کا پاکستانی کرکٹر شاہد آفریدی کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔
شاہد آفریدی کے کشمیر سے متعلق حالیہ تبصرے پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے ہربھجن سنگھ نے کہا کہ 'شاہد آفریدی نے جو کچھ کہا وہ بہت پریشان کن ہے، انہوں نے ہمارے ملک اور وزیراعظم کے بارے میں غلط باتیں کیں۔ یہ بالکل بھی قابل قبول نہیں ہے۔'
ہربھجن سنگھ اور ان کے ساتھی سابقہ کرکٹر یووراج سنگھ کو اس وقت شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا جب انہوں نے کورونا وائرس سے لڑنے کے لیے لوگوں سے خیراتی ادارے 'شاہد آفریدی فاونڈیشن' میں عطیات جمع کرانے کی اپیل کی تھی۔

اس حوالے سے انہوں نے بتایا کہ 'سچ کہوں تو انہوں (آفریدی) نے ہم سے اپنے خیراتی ادارے کے لیے اپیل کرنے کا کہا تھا۔ ہم نے انسانیت کے لیے اور کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے لیے اچھی نیت سے ایسا کیا۔'
انہوں نے کہا کہ 'ہمارے وزیراعظم کا بھی یہ کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ کسی بارڈر، مذہب اور فرقے سے بالاتر ہے۔ اس لیے ہمارا مقصد بھی اس مشکل گھڑی میں لوگوں کی مدد کرنا ہی تھا لیکن یہ شخص ہمارے ملک کے بارے میں برا بول رہا ہے۔ اور میں یہ کہنا چاہوں گا کہ ہمارا شاہد آفریدی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہیں ہمارے ملک کے بارے میں غلط باتیں کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ انہیں اپنے ملک اور اپنی حد میں رہنا چاہیے۔'
انہوں نے مزید کہا کہ 'میں اس ملک میں پیدا ہوا اور یہیں مروں گا۔ میں نے 20 سال سے زائد عرصے تک کرکٹ کھیلی ہے اور انڈیا کے لیے کئی مقابلے جیتے۔ کوئی بھی یہ نہیں کہہ سکتا کہ میں نے اپنے ملک کے خلاف کچھ کیا ہے۔'
