ریاض میں گداگروں کے خلاف مہم، 39 غیر ملکی گرفتار
’شمیسی، ملز، وزارات اور اسکان محلوں سے متعدد گداگروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
ریاض پولیس نے شہر کے مختلف محلوں سے 39 گداگر گرفتار کیے ہیں جن کا تعلق مختلف ممالک سے ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ریاض پولیس کے ترجمان کرنل شاکر التویجری نے کہا ہے کہ ’رمضان المبارک میں پیشہ ور گداگروں کے خلاف مہم چلائی گئی جس کے دوران شمیسی، ملز، وزارات اور اسکان محلوں سے متعدد گداگروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
'مہم کے دوران ایتھوپیا سے تعلق رکھنے والے 22 غیر قانونی تارکین بھی گرفتار ہوئے ہیں جو سعودی عرب کے سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کرکے داخل ہوئے تھے۔'
انہوں نے کہا ہے کہ ’ایتھوپین دراندازوں کو العوالی اور نمار محلوں سے گرفتار کیا گیا ہے۔'
انہوں نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ہدایت کی ہے کہ ’پیشہ وارانہ گداگروں کو خیرات نہ دی جائے، یہ لوگ محتاج نہیں بلکہ منظم مافیا کے تحت کام کر رہے ہیں۔'
’صدقہ وخیرات کے لیے مستحق افراد کو تلاش کیا جائے یا پھر ملک میں متعدد خیراتی تنظیمیں قائم ہیں جن سے رجوع کرکے مستحق افرادتک پہنچا جاسکتا ہے۔'