کرفیو کےدوران گھروں میں آتشزدگی کے واقعات بڑھ گئے
کرفیو کےدوران گھروں میں آتشزدگی کے واقعات بڑھ گئے
پیر 18 مئی 2020 20:19
بیشتر واقعات سلامتی اصولوں کی پابندی نہ کرنے سے ہورہے ہیں.(فوٹو عاجل)
سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان طلال الشلھوب نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے اور عوام کو اس سے بچانے کے لیے لگائے جانے والے کرفیو کے بعد سے گھروں میں آتشزدگی کے واقعات بڑھ گئے ہیں.
سبق ویب سائٹ کے مطابق الشلھوب نے ریاض میں پریس بریفنگ کے دوران سوال پربتایا کہ کرفیو کے آغاز سے اب تک گھروں میں آتشزدگی کے 2300 واقعات ہوچکے ہیں جبکہ گھروں میں پھنسنے کے واقعات کی تعداد 5156 ہوگئی ہے.
وزارت داخلہ ے ترجمان نے مزید کہا کہ گھروں میں آتشزدگی کے بیشتر واقعات سلامتی اصولوں کی پابندی نہ کرنے کی وجہ سے ہورہے ہیں.
تمام سعودی شہری اور مقیم غیرملکی آتشزدگی سے بچنے کے لیے مقرر ہدایات کی سختی سے پابندی کریں. ایسا نہ کرنے پر جانی اور مالی نقصانات ہوسکتے ہیں.
یاد رہے کہ سعودی عرب کے تمام اہم اداروں کے ترجمان کورونا وائرس اور اس سے پیدا ہونے والے مسائل کے بارے میں چوبیس گھنٹے کی تازہ صورتحال کے حوالے سے مشترکہ پریس کانفرنس کررہے ہیں.
ان میں وزارت صحت، وزارت داخلہ، وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود اور وزارت اطلاعات کے نمائندے موجود ہوتےہیں.