مسجد الحرام میں ختم قرآن تراویح کے بجائے تجہد کی نماز میں کیا گیا.(فوٹو سبق)
سعودی عرب میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں سخت حفاظتی انتظامات کے ماحول میں رمضان کے آخری جمعے کی نماز ادا کی گئی.
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مسجد الحرام میں جمعہ کی نماز ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے پڑھائی. انہوں نے جمعہ کا خطبہ کورونا وبا کے موضوع پر دیا.
السدیس نے کہا کہ سعودی عرب نے کورونا کی وبا سے نمٹنے کے لیے جس اندازسے حفاظتی اقدامات کیے اور سعودی شہریوں اورمقیم غیرملکیوں کووبا سے بچاؤ اور علاج کی جتنی سہولتیں مہیا کیں وہ وبائی امراض سے نمٹنے اور قدرتی آفات کا مقابلہ کرنے کے سلسلے میں پوری دنیا کے لیے ایک نمونہ ہیں.
مسجد نبوی میں جمعہ کی نماز شیخ عبدالباری الثبیتی نے پڑھائی. انہوں نے جمعہ کا خطبہ دیتے ہوئے حاضرین کو نصیحت کی کہ کوروناوبا پر صبر اور اس سے بچنے کی تدابیر کی پابندی اللہ تعالی کے فضل و کرم کا باعث بنے گی.
انہوں نےکہا کہ جو لوگ نیک نیتی سے اس وبا سے بچنے کی تدابیر پر عمل کریں گے اور حفاظتی اقدامات کا احترام کریں گے انہیں اللہ بہترین اجر سے نوازے گا.
دریں اثنا کورونا وبا کے ماحول میں مسجد الحرام میں ختم قرآن کا اجتماع ایمان افروز ماحول میں ہوا. اس موقع پر مہلک وائرس کو پھیلنے سے روکنے اور اس سے بچنے کے لیے حفاظتی اقدامات کیے گئے تھے.
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق اس سال مسجد الحرام میں ختم قرآن تراویح کے بجائے تجہد کی نماز میں کیا گیا.
امام و خطیب شیخ ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس اور امام الحرم شیخ یاسر الدوسری نے نماز پڑھائی.
مسجد الحرام و مسجد نبوی امور کی جنرل پریذیڈنسی نے ختم قرآن میں شریک نمازیوں کی تصاویر میڈیا کو جاری کیں-
ہر سال ختم قرآن کا اجتماع 29 رمضان کو تراویح میں کیا جاتا تھا. کورونا کی وبا کی وجہ سےاس سال تراویح 10 رکعت ادا کی جارہی ہے.
اخبار 24 کے مطابق ڈاکٹر السدیس نے ختم قرآن کے موقع پر دعائیں کیں.
السدیس نے خصوصا اسلام کے فروغ، امت مسلمہ کو درپیش مسائل سے نجات دلانے اور دنیا بھر کے انسانوں کو بین الاقوامی وبا کورونا سے نجات دلانے کی دعائیں کیں.