Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رمضان سے متعلق دس نکاتی منصوبے کا اعلان

دینی وعظ اورعلمی لیکچر آن لائن پیش کیے جائیں گے-(فوٹو سبق)
مسجد الحرام اور مسجد نبوی انتظامیہ کے سربراہ اعلی ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے پیر 20 اپریل  کو رمضان المبارک سے متعلق 10 نکاتی منصوبے کا اعلان  کیا ہے-
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق  ڈاکٹر السدیس نے مکہ مکرمہ گورنریٹس کے تعاون سے دونوں مقدس شہروں میں رمضان افطار راشن کی تقسیم کا افتتاح بھی کیا- یہ اس سال افطار دسترخوان کا متبادل ہوگا-
کورونا کی وبا کی وجہ سے رمضان کے دوران مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی مدینہ منورہ میں افطار دسترخوان پر پابندی  ہے- اس کے بجائے مستحق افراد میں رمضان راشن کے تھیلے تقسیم کیے جارہے ہیں-

السدیس نے رمضان افطار راشن کی تقسیم کا افتتاح بھی کیا-(فوٹو سبق)

مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی انتظامیہ نے توجہ دلائی کہ دنیا بھر میں کورونا کی وبا پھیلنے کے ماحول کے پیش نظر دونوں مقدس مساجد میں حفاظتی انتظامات بڑھا دیے گئے ہیں- نئے حالات کے پیش نظرعمرہ اور زیارت پر پابندی ہے-
 مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں چوبیس گھنٹے کا کرفیو جاری ہے- دونوں مقدس مساجد میں صفائی اورسینیٹائزنگ کا بڑا پروگرام نافذ کیا جارہا ہے- دن میں 7 مرتبہ صفائی اور سینیٹائزنگ کا کام جاری ہے-
 دس نکاتی منصوبے کے تحت دنیا بھر میں مقدس مساجد کے محبین کودینی اورعلمی پیغامات پہنچائے جائیں گے- دینی وعظ اورعلمی لیکچر آن لائن پیش کیے جائیں گے-

سیٹلائٹ چینل اور سماجی رابطہ وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے گا-(فوٹو ایس پی اے)

تکنیکی عملہ اور خدام مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں مطلوبہ خدمات احسن طریقے سے انجام دیتے رہیں گے- امن و سلامتی کے ضوابط پر پوری قوت سے عمل درآمد ہوگا-
مسجد الحرام اور مسجد نبوی کا پیغام دنیا بھر تک پہنچانے کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا- سیٹلائٹ چینل اور سماجی رابطہ وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے گا-

 

شیئر: