کرفیو پاس بیک وقت 2 افراد کےلیے بھی جاری کیا جاسکتا ہے(فوٹو، سوشل میڈیا)
سعودی عرب میں کورونا وائرس کے حوالے سے کی جانے والی احتیاطی تدابیر کے پیش نظر عید الفطر کے چاروں دن تمام شہروں اور قصبوں میں مکمل کرفیو جاری ہے۔
کرفیو میں شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ضروریات زندگی کے حصول کو ممکن بنانے کے لیے وزارت داخلہ کی جانب سے یومیہ بنیادوں پر کرفیو پاس جاری کیے جاتے ہیں۔
عارضی کرفیو پاس کے اجرا کےلیے اسمارٹ فون پر ’توکلنا ‘ ایپ کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ قبل ازیں کرفیو پاس اہم ضرورتوں کے لیے ہی جاری کیا جاتا تھا جن میں طبی اموراور محلے کی دکانوں سے اشیائے خورونوش خریدنا شامل تھا تاہم اب اس میں ’واکنگ ‘ کے آپشن کا بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔
کرفیو کے دوران جسمانی صحت کو برقرار رکھنے کےلیے محلے میں واکنگ کرنے کی اجازت بھی توکلنا ایپ کے ذریعے حاصل کی جاسکتی ہے۔
ایپ کے ذریعے عارضی کرفیو پاس اسمارٹ فون پر فراہم کیاجائے گا جس کا دورانیہ 60 منٹ پر مبنی ہو گا جبکہ کرفیو پاس رہائش سے ایک کلومیٹر کے دائرے کے اندر کےلیے کارآمد ہوگا۔
توکلنا ایپ کے ذریعے واکنگ کا پاس 2 افراد کے لیے بھی بیک وقت جاری کرایا جاسکتا ہے۔ ایپ میں ہنگامی طبی امداد کے علاوہ 3 اضافی آپشن رکھے گئے ہیں جن میں اشیائے خورونوش خریدنے کی اجازت جسے ’ تموین ‘ کہا جاتا ہے کے علاوہ ڈرائیور کے لیے عارضی پاس کا آپشن بھی دیا گیا ہے جو ان افراد کےلیے کارآمد ہے جو خود گاڑی نہیں چلا سکتے مگر انہیں کام کےلیے کرفیو پاس جاری کیا گیا ہو اور انہیں مقررہ اوقات کے اندر گھر واپس آنا ہوتا ہے کہ علاوہ واکنگ کا آپشن بھی شامل ہے۔
واضح رہے وزارت داخلہ کی جانب سے کرفیو کی پابندی نہ کرنے والوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جاتی ہے اس بارے میں کسی کے ساتھ رعایت نہیں برتی جاتی اس لیے وہ افراد جو قریبی سپر مارکیٹس سے اشیائے خورونوش حاصل کرنے کے لیے باہر جانا چاہتے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ قانون پر عمل کرتے ہوئے عارضی بنیادوں پر کرفیو پاس حاصل کریں جس کا حصول انتہائی آسان بنایا گیا ہے تاکہ لوگوں کو دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ضروریات بھی پوری کریں۔