سینٹر میں کارکنوں کی تعداد2 ہزار سے زائد ہے (فوٹو، ایس پی اے )
مکہ مکرمہ ریجن میں قائم ہنگامی امدادی سینٹر 911 کو گزشتہ 2 ماہ کے اندر 30 لاکھ سے زائد امدادی کالز موصول ہوئی, کالز کرنے والوں میں مقامی شہری اور مقیم غیر ملکی شامل تھے۔
ہنگامی امدادی مرکز 911 کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 28 رجب سے 28 رمضان المبارک تک سینٹر میں آنے والی ٹیلی فون کالز کی تعداد 30 لاکھ سے زائد رہی جن میں لوگوں کی جانب سے امداد کے علاوہ دیگر معلومات بھی حاصل کی گئی۔
مقامی ویب نیوز اخبار 24 کا کہنا ہے کہ مکہ ریجن میں 911 سینٹر 24 گھنٹے اور ہفتے کے ساتوں دن کام کرتا ہے، یہاں 2 ہزار سے زائد کارکن متعین ہیں۔ ہنگامی مرکز کے کنٹرول روم میں منیٹرنگ کے لیے متعدد ٹیمیں ہمہ وقت وہاں موجودرہتی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی حالت میں فوری طور پرنمٹا جاسکے۔
ہنگامی سینٹر میں موصول ہونے والی امدادی کالز کا جائزہ لینے کے بعد انہیں فوری طور پرمتعلقہ تھانے یا شعبہ میں ارسال کیاجاتا ہے تاکہ ضروری کارروائی مکمل کی جاسکے۔
سینٹر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ موصول ہونے والی کالز میں بیشتر ٹریفک حادثات اور آگ لگنے کے حوالے سے تھیں جبکہ بعض لوگوں نے کرفیو کے بارے میں معلومات بھی حاصل کی کچھ نے قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے بارے میں اطلاع فراہم کی جبکہ صحت اور انسانی خدمت کے امور کے حوالے سے بھی کافی ٹیلی فون کالز سینٹر کو موصول ہوئی تھیں۔
دریں اثنا سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ’ کے مطابق مکہ مکرمہ ریجن کے ہنگامی امدادی مرکز کو 2015 میں بہترین کارکردگی پر سرٹیفکیٹ بھی جاری کیا جا چکا ہے۔