سعودی عرب: کرفیو میں نرمی اور مساجد کھولنے کا اعلان
سعودی عرب: کرفیو میں نرمی اور مساجد کھولنے کا اعلان
منگل 26 مئی 2020 6:03
مسجد الحرام میں باجماعت نمازیں احتیاطی تدابیر کے ساتھ جاری رہیں گی.(فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی وزارت داخلہ نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے صحت حکام کی سفارشات پر کرفیو اور حفاظتی اقدامات میں نرمی کا اعلان کیا ہے۔ داخلی پروازیں بھی شروع کی جا رہی ہیں۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق جمعرات 28 مئی سے ہفتہ 30 مئی تک سعودی عرب کے تمام علاقوں میں صبح چھ بجے سے لے کر سہ پہر تین بجے تک گھروں سے نکلنے کی اجازت ہوگی۔
اتوار 31 مئی سے ہفتہ 20 جون کی شام تک صبح چھ بجے سے رات آٹھ بجے تک کرفیو میں نرمی رہے گی جبکہ مکہ اس سہولت سے مستثنی ہوگا۔
کرفیو سے خارج اوقات میں نجی گاڑی سے ملک کے تمام شہروں اور صوبوں میں آنے جانے کی اجازت ہوگی۔
خبررساں ادارے سبق کے مطابق احتیاطی تدابیر کے ساتھ اندرون ملک پروازوں کی بھی اجازت دی گئی ہے۔
اتوار 31 مئی سے سعودی عرب کی تمام مساجد جمعہ اور فرض نمازیں جماعت کے ساتھ ادا کرنے کے لیے کھول دی جائیں گی۔ مکہ مکرمہ کی مساجد اس سے مسثنی ہوں گی۔
مساجد میں حفاظتی تدابیر کی پابندی لازمی ہوگی۔ مسجد الحرام میں جمعہ اور باجماعت نمازیں احتیاطی تدابیر کے ساتھ جاری رہیں گی۔
کرفیو سے خارج اوقات میں متعدد مزید اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کی بھی اجازت دے دی گئی۔
اس میں تھوک اور ریٹیل کا کاروبار کرنے والی دکانیں کھلیں گی، تجارتی مراکز اور مالز بھی کھولیں جائیں گے۔
وزارت داخلہ نے تاکید کی ہے کہ ایسےتمام کام جن میں سماجی دوری کی شرط پوری نہ ہوتی ہو ان پر پابندی جوں کی توں برقرار رہے گی۔ ان میں باربر شاپس، بیوٹی پارلر، فٹنس سینٹر، پلے گراونڈ، سپورٹس کلب، تفریحی مراکز، سینما گھر وغیرہ حسب سابق بند رہیں گے۔
وزارت داخلہ نے بیان میں کہا کہ اتوار 31 مئی سے ہفتہ 20 جون کی شام تک مندرجہ ذیل طریقہ کار اپنایا جائے گا۔
سعودی عرب کے تمام علاقوں میں صبح چھ بجے سے رات آٹھ بجے تک گھروں سے نکلنے کی اجازت ہوگی۔ مکہ مکرمہ اس سہولت سے مستثنی ہوگا۔
ایسی تمام اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کی اجازت ہوگی جنہیں اس سے پہلے استثنی دیا جا چکا ہے۔
سرکاری اداروں اور نجی کمپنیوں میں ڈیوٹی کی معطلی ختم:
وزارتوں، سرکاری اداروں اور نجی کمپنیوں میں ڈیوٹی کی معطلی ختم کردی گئی۔ ملازمین مقررہ ضوابط کے مطابق دفاتر میں ڈیوٹی دیں گے۔
وزارت سماجی بہبود، وزارت صحت اور متعلقہ اداروں کے ساتھ یکجہتی پیدا کرکے ڈیوٹی ضوابط تیار کرے گی۔
سعودی عرب کے تمام علاقوں کے درمیان ٹرانسپورٹ کے مختلف وسائل کے ذریعے سفر پر پابندی ختم کردی گئی ہے البتہ متعلقہ ادارے ضروری احتیاطی تدابیر اور اقدامات کے پابند ہوں گے۔
سابقہ فیصلوں کے بموجب مستثنی سرگرمیوں کے علاوہ کرفیو سے خارج اوقات میں دیگر اقتصادی سرگرمیاں شروع کرنے کی اجازت ہوگی۔
ریستوران حفاظتی تدابیر کی پابندی کے ساتھ کھل جائیں گے۔ قہوہ خانوں کو بھی اس کی اجازت ہوگی۔
سماجی دوری کی شرط پوری نہ کرسکنے والی سرگرمیاں حسب سابق بند رہیں گی۔
پبلک مقامات پر 24 گھنٹے سماجی دوری کی پابندی جاری رہے گی۔ علاوہ ازیں شادی کی تقریبات اور تعزیتی اجتماعات میں پچاس سے زیادہ افراد کے جمع ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
21 جون اتوار سے ملک کے تمام علا قوں اور شہروں میں حالات معمول پر آجا ئیں گے البتہ مکہ میں پابندی بر قرار رہے گی۔
تمام شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حفا ظتی تدابیر کی پابندی کریں۔
بیان میں کہا گیا کہ کرفیو کے دوران محلے میں واک کی اجازت ہوگی۔
عمرہ اور بین الاقوامی پروازوں پر پابندی برقرار:
عمرہ اور زیارت پر پابندی برقرار رہے گی۔ بین الاقوامی پروازیں تااطلاع ثانی معطل رہیں گی۔ نئی صورتحال کے حوالے سے حفاظتی اقدامات میں نرمی اور سختی کا فیصلہ ہوگا۔