عسیر ریجن میں فائرنگ کے تبادلے سے 6 شہری ہلاک، 3 زخمی
’واقعہ کے اسباب معلوم کیے جارہے ہیں، تفتیش مکمل ہوتے ہی تفصیلات جاری کی جائیں گی‘ ( فوٹو: سبق)
عسیر ریجن کی کمشنری الامواہ میں فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 6 شہری ہلاک جبکہ 3 زخمی ہوگیے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق واقعہ کے اسباب معلوم نہیں ہوسکے جبکہ پولیس نے تفتیش کا آغا ز کر دیا ہے۔
عسیر ریجن پولیس کے ترجمان لیفٹیننٹ زید محمد الدباش نے کہا ہے کہ ’واقعہ منگل کی صبح پیش آیا تھا جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور طبی ٹیمیں جائے وقوعہ پہنچ گئیں‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’ ہلاک شدگان کو قریبی ہسپتال کے مردہ خانے میں منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ زخمی طبی نگرانی میں ہیں‘۔
’واقعہ کے متعلق تفتیش شروع کردی ہے، ابھی تفصیلات دستیاب نہیں تاہم زخمیوں سے ابتدائی تفتیش ہوئی ہے، ان کی صحت مستحکم ہونے کا انتظار ہے‘۔
’واقعہ کے اسباب اور تفتیش مکمل ہوتے ہی تمام تفصیلات سے آگاہ کردیا جائے گا‘۔