Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’فرض نماز کے لیے کرفیو میں بھی جاسکتے ہیں‘

فجر اور عشا کی نمازیں کرفیو کے دوران ادا کی جائیں گی. (فوٹو سبق)
سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان طلال الشلھوب نے کہا ہے کہ فرض نمازیں پڑھنے کے لیے کرفیو کے دوران بھی مسجد جانے کی اجازت ہوگی.
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ نے منگل کو ایک  بیان میں  بتایا تھا کہ مملکت بھر میں  کرفیومیں نرمی  کے بعد گھروں سے نکلنے کے اوقات تبدیل کردیے گئے ہیں. مکہ مکرمہ نئی تبدیلی سے مستثنی ہے.
وزارت داخلہ کے مطابق گھروں سے نکلنے کے نئے اوقات تین مراحل میں نافذ ہوں گے.
وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایا کہ اتوار 31 مئی سے مساجد میں فرض نمازیں اور جمعہ کی نماز ادا کرنے کی اجازت دی گئی ہے. اس اجازت سے مکہ شہر کی مساجد مستثنی ہیں.
ترجمان کے مطابق اس دوران مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو روزانہ صبح 6 بجے سے رات  8 بجے تک گھروں سے نکلنے کی اجازت ہوگی.
مملکت کےمتعدد علاقوں میں فجر اور عشا کی نمازیں کرفیو کے دوران ادا کی جائیں گی.
وزارت داخلہ نے اسی امر کو مدنظر رکھتے ہوئے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی طرف سے کیے جانے  والے سوال  کے جواب میں کہا ہے کہ وہ کرفیو کے دوران بھی فرض نمازیں ادا کرنے کی مسجد جاسکتے ہیں البتہ نماز کی ادائیگی کے لیے جاتے وقت حفاظتی تدابیر کی پابندی کرنا ہوگی.
یاد رہے کہ جمعرات سے کرفیو کا دورانیہ سہ پہر 3 بجے سے صبح چھ بجے تک ہوگا جبکہ اتوار سے کرفیو کا سلسلہ رات 8 بجے سے صبح 6 بجے تک چلے گا. اس دوران مقامی شہری اور مقیم غیرملکی فرض نمازوں کے لیے مساجد آجاسکتے ہیں.

شیئر: