Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا سے دس دن میں ریکارڈ 170 اموات

کورونا کے زیادہ تر کیسز ریاض اور جدہ میں ریکارڈ کیے گئے (فوٹو سبق)
سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں ایکٹیو کیسز کی کل تعداد 22 ہزار جبکہ 1264 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔اتنی زیادہ تعداد میں متاثرین کی حالت نازک ہونا تشویشناک ہے۔
اخبار 24 کے مطابق منگل کو بریفنگ کے دوران العبد العالی نے بتایا کہ نازک کیسز میں اضافہ حفاظتی تدابیر کی پابندی نہ کرنے اور غلط طور طریقے اپنانے کی وجہ سے ہو رہا ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق گزشتہ ہفتے کورونا کے بیشتر متاثرین پہلے سے معمر اور لاعلاج امراض میں مبتلا تھے۔
پچھلے ہفتے کورونا کے زیادہ تر کیسز ریاض اور جدہ میں ریکارڈ کیے گئے۔
وزارت صحت کے ترجمان نے ایک بار پھر تاکید کی ہے کہ معمر افراد، دیرینہ امراض میں مبتلا لوگ اور بچے گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ انتہائی ضرورت کے تحت ہی گھروں سے باہر جائیں جبکہ دیگر لوگ گھروں سے نکلتے وقت حفاظتی ماسک، سماجی فاصلے اور سینیٹائزنگ کی پابندی بھرپور طریقے سے کریں۔
دریں اثنا سعودی عرب میں نئے کورونا وائرس سے عید الفطر کے پہلے دن سے 10 ویں روز تک 170 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔ یہ سعودی عرب میں مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد 549 کا 30 فیصد ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت نے بیان میں بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وائرس سے 24 اموات ہوئی ہیں۔ بیشتر اموات لاعلاج امراض میں مبتلا افراد کی ہوئی ہیں۔ یہ عید سے اب تک مرنے والوں کا سب سے بڑا تناسب ہے۔

صحت یاب ہونے والوں کے مقابلے میں اموات کی شرح بے حد کم ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)

عید کے پہلے دن کورونا وائرس سے گیارہ، دوسرے دن نو، تیسرے دن بارہ، چوتھے دن 14، پانچویں دن سولہ، چھٹے دن سترہ، ساتویں دن بائیس، آٹھویں روز 23، نویں دن 22 اور دسویں دن چوبیس اموات ہوئیں۔
سعودی عرب میں کورونا سے متاثر ہونے اور صحت یاب ہونے والوں کے مقابلے میں مرنے والوں کی شرح بے حد کم ہے۔ مرنے والوں کی شرح متاثرین کے مقابلے میں  0.6 فیصد سے آگے نہیں بڑھی۔ یہ وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مقررہ حفاظتی اقدامات و احتیاطی تدابیر اپنانے کی وجہ سے ہی ممکن ہوسکا ہے۔

شیئر: