دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 63 لاکھ 78 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ 3 لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
بدھ کو امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں کورونا کے 27 لاکھ 29 ہزار سے زائد مریض وائرس سے صحت یاب ہوئے ہیں۔
امریکہ دنیا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں مریضوں کی تعداد 18 لاکھ 31 ہزار 821 تک پہنچ گئی ہے جبکہ ایک لاکھ 6 ہزار 180 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ امریکہ میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید ایک ہزار 81 افراد وبا کی نذر ہو چکے ہیں۔
مزید پڑھیں
-
انڈیا میں سینکڑوں پولیس اہلکار کورونا کا شکارNode ID: 481911
-
کورونا: ’ایشیئن اور سیاہ فام افراد کے مرنے کا امکان زیادہ‘Node ID: 482591
-
پاکستان میں ایک دن میں کورونا کے چار ہزار سے زائد نئے کیسزNode ID: 482701
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کا کہنا ہے کہ امریکہ میں اگرچہ کورونا وائرس کی وجہ سے عائد پابندیوں میں کافی نرمی کر دی گئی ہے تاہم سفید فام پولیس اہلکار کے ہاتھوں سیاہ فام شخص جارج فلوئیڈ کی ہلاکت کے خلاف احتجاج کے پیشِ نظر کئی بڑے شہروں میں رات کا کرفیو نافذ کیا گیا ہے۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق امریکہ کے بعد کورونا سے متاثر ہونے والا دوسرا بڑا ملک برطانیہ ہے جہاں اب تک 39 ہزار 452 اموات ہو چکی ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 79 ہزار 392 ہے۔
یورپ کے ایک اور ملک اٹلی میں 33 ہزار 530 افراد وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ملک میں مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 33 ہزار 515 ہے۔
اے ایف پی کے مطابق اٹلی نے بدھ سے یورپ کے سیاحوں کے لیے اپنی سرحدیں کھولنے کا اعلان کیا ہے تاکہ ملکی معیشت اور سیاحت کی صنعت کو بحال کیا جا سکے، تاہم اٹلی میں بہت زیادہ ہلاکتوں کے وجہ سے سیاح ابھی وہاں جانے سے کچھ خوفزدہ دکھائی دیتے ہیں۔

اُدھر جنوبی کوریا نے وبا سے متاثر ہونے والی معیشت کی بحالی کے لیے بڑے پیکج کا اعلان کیا ہے۔ مارچ اور اپریل کے بعد حکومت کی جانب 29 ارب ڈالر کا یہ تیسرا پیکج سامنے آیا ہے۔
جنوبی کوریا میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 11 ہزار 590 ہے جبکہ 273 اموات ہوئی ہیں۔
آسٹریلیا میں حکام کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے سرحدیں بند ہونے اور غیر ملکی طلبہ کے نہ آنے سے ملک کی یونیورسٹیوں کو 11 ارب ڈالر کا نقصان ہو سکتا ہے۔
امریکہ، برطانیہ اور اٹلی کے بعد برازیل کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا چوتھا بڑا ملک بن گیا ہے جہاں 31 ہزار 199 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 55 ہزار 383 تک پہنچ گئی ہے۔
