گوجرانوالہ: لیگی ایم پی اے کورونا سے ہلاک
پاکستان میں مسلسل دوسرے روز کورونا کے 4 ہزار کیسز سامنے آئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں عالمی وبا کا شکار ہو کر گذشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 67 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جس کے بعد ملک میں اموات کی تعداد ایک ہزار 688 ہو گئی ہے۔
بدھ کی صبح نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری کیے گئے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چار ہزار 131 نئے کیسز سامنے آئے۔ حکام کے مطابق ملک میں گذشتہ روز 17 ہزار 370 کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔
واضح رہے کہ یہ ایک دن میں اب تک کورونا پازیٹیو کیسز کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
گوجرانوالہ میں ن لیگ کے ایم پی اے شوکت منظور چیمہ بھی کورونا سے ہلاک ہوئے ہیں۔
شوکت منظور چیمہ 10 روز سے لاہور میں زیر علاج تھے۔
پاکستان میں اب تک کورونا کے 80 ہزار 462 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے 28 ہزار سے زائد افراد صحت یاب ہوئے ہیں.
سب سے زیادہ ہلاکتیں صوبہ پنجاب میں 570 ریکارڈ کی گئی ہیں جبکہ کیسز کی تعداد 29 ہزار سے زائد ہے جن میں سے سات ہزار 469 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
سندھ میں کورونا سے 526 اور خیبر پختونخوا میں 490 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
سرکاری اعداد وشمار کے مطابق سندھ میں صحت یاب ہونے والوں کی شرح 50 فیصد کے لگ بھگ ہے جہاں 31 ہزار کیسز سامنے آئے جن میں سے 15 ہزار سے زائد صحت یاب ہوئے۔
حکام کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد بڑھ کر 34 ہو گئی ہے اور شہر میں اس وقت دو ہزار 755 ایکٹیو کیسز ہیں۔
بلوچستان میں اب تک 49 جبکہ گلگت بلتستان میں 12 افراد عالمی وبا کی وجہ سے ہلاک ہوئے۔ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں سات ہلاکتیں رپورٹ ہو چکی ہیں جہاں مریضوں کی تعداد 107 ہے۔