Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پبلک ٹرانسپورٹ، ہوٹل اور اپارٹمنٹس کے لیے حفاظتی ضابطے جاری

’مسافروں کو آن لائن بکنگ اور ای ٹکٹ جاری کیے جائیں ( فوٹو: العربیہ)
سعودی وزارت داخلہ نے کورونا وائرس کے انسداد کے لیے متعدد نئے شعبوں کے لیے احتیاطی و حفاظتی ضابطوں کی منظوری دی ہے۔ ان ضابطوں کا نفاذ 20 جون 2020 تک رہے گا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ’نئے حفاظتی ضابطے فیکٹریوں، کان کنی، داخلی ہوابازی، اندرون ملک ٹرانسپورٹ سروس، ٹیکسیاں، رینٹ اے کار، مسافر اور سامان، ہوٹل اور فرنشڈ اپارٹمنٹس وغیرہ میں نافذ ہوں گے‘۔
’علاوہ ازیں ان ضابطوں میں ڈاک، لاجسٹک سروسز فراہم کرنے والے ادارے اور فارمز کو بھی شامل کیا گیا ہے‘۔
’احتیاطی تدابیر کی تفصیلات وزارت صحت کے پورٹل پر جاری کر دی گئی ہیں، ہر ادارے کو چاہیے کہ وہ اپنے متعلق ضابطے نافذ کرنے کے لیے رجوع کریں‘۔
وزارت صحت کے پورٹل پر جاری ضابطوں کے مطابق اندرون ملک بس سروس کے لیے لازم ہے کہ مسافروں کو آن لائن بکنگ اور ای ٹکٹ جاری کیے جائیں۔
بسوں کے اندر اور انتظار گاہ میں سماجی فاصلہ رکھا جائے، انتظار گاہ میں صرف مسافروں کا داخلہ ہوگا، مسافر کو سیٹ کی تبدیلی کی اجازت نہ دی جائے۔
بسوں میں گنجائش سے 50 فیصد سے زیادہ مسافروں کو سوار نہ کیا جائے۔ سفر کے دوران ڈرائیور سمیت تمام مسافر ماسک پہننے کے پابند ہوں گے۔
ٹیکسیوں میں مسافر پچھلی سیٹ میں بیٹھنے کے پابند ہیں، ڈرائیور کے ساتھ والی نشست پر بیٹھنا منع ہے۔ ڈرائیور اور مسافر دونوں ماسک پہنے رکھیں گے۔

وائرس سے بچاؤ کے نئے حفاظتی ضابطے فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے (فوٹو: سوشل میڈیا)

ہوٹلوں اور فرنشڈ اپارٹمنٹس کے مالکان کو اس بات کا پابند کیا گیا ہے کہ وہ کمرہ یا اپارٹمنٹ کرائے پر دینے سے پہلے اس کی اچھی طرح صفائی اور سینیٹائزنگ کر لیں۔
تمام ہوٹلز اور فرنشڈ اپارٹمنٹس وہی ضابطے نافذ کریں گے جو ریستورانوں میں نافذ ہوتے ہیں۔
ہوم ڈیلیوری اور کوریئر کے لیے ضروری ہے کہ آرڈر دیتے وقت صارف سے ایک میٹر کا فاصلہ برقرار رکھا جائے۔

شیئر: