جدہ کے مختلف علاقے جن میں البوادی اور دیگرشامل تھے کارروائی کی گئی(فوٹو سبق)
سعودی عرب میں جدہ میں پولیس و دیگر متعلقہ اداروں پر مشتمل تفتیشی ٹیم نے کورونا سے بچاو کےلیے مقررہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون شروع کردیا۔
ویب نیوز سبق کے مطابق جدہ کے مختلف علاقے جن میں البوادی ، البخاریہ، ہنداویہ اور دیگر علاقے شامل تھے میں مشترکہ ٹیموں نے کورونا سے بچاو کےلیے مقررہ حفاظتی تدابیرجن میں ماسک کااستعمال نہ کرنا اور سماجی فاصلے کے اصول کی خلاف ورزی کرنےوالوں کے خلاف کارروائی کی۔
مشترکہ ٹیموں نے متعدد افراد کے خلاف چالان کیے جنہوں نے ماسک نہیں لگایا ہوا تھا جبکہ ایسے افراد جو ہجوم کے صورت میں کھڑے تھے ان کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔
واضح رہے وزارت صحت کی جانب سے کورونا سے محفوظ رہنے کےلیے گھروں سے باہر جاتے وقت ماسک کا استعمال لازمی ہے ایسا نہ کرنے والوں کو ایک ہزارریال جرمانے کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ 5 یا اس سے زائد افراد کے اجتماع پر سماجی فاصلے کے دوری کا اصول لاگو ہوتا ہے۔