فیس صرف جی سی سی ممالک کے شہریوں کے لیے نہیں ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
مصر نے تمام ممالک کے لیے ویزا فیس 25 ڈالر مقرر کی ہے جبکہ شرم الشیخ فیس سے مستثنیٰ ہے۔
عرب ادارہ سیاحت نے کہا ہے کہ ویزا فیس 25 ڈالر مصر جانے والے ہر فرد سے لی جائے گی۔ اس کا تعلق صرف جی سی سی ممالک کے شہریوں سے نہیں ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق عرب ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر بندر آل فھید نے بتایا کہ 25 ڈالر فیس سے ان ممالک کے شہری مستثنیٰ ہیں جن کے ساتھ مصر نے فیس نہ لینے کے دوطرفہ معاہدے کیے ہوئے ہے۔
آل فھید نے بتایا کہ شرم الشیخ شہر جانے والی پروازوں کے کسی بھی مسافر سے کوئی فیس نہیں لی جائے گی۔ مصر اس حوالے سے ہر طرح کی فیس مکمل طور پر ختم کیے ہوئے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مصری حکومت عرب سیاحوں کو ایئرپورٹ سے واپسی تک تمام ضروری سہو لتیں فراہم کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ علاوہ ازیں مصر میں رہائش اور سیاحتی پروگراموں کے تمام پیکیج سب کی دسترس میں ہیں۔
عرب ادارہ سیاحت کے سربراہ کا کہنا تھا کہ تمام عرب ممالک عرب سیاحوں کو جملہ سہولتیں حتی الامکان فراہم کرنے کی پالیسی پر گامزن ہیں۔ عرب ممالک چاہتے ہیں کہ عرب شہری ایک دوسرے کے یہاں آئیں اور بین العرب سیاحت کو فروغ دیں۔