Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج پر جانے والوں کو قرنطینہ میں رہنا ہوگا: سعودی وزیر

وزیر صحت نے کہا ہے کہ ’وبائی امراض سے پاک حج موسم کو یقینی بنانے کے لیے حفاظتی تدابیر اختیار کی گئی ہیں‘ (فوٹو: روئٹرز)
سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے امسال عازمین حج کو حج کے بعد ایک خاص عرصے تک گھروں میں محدود رہنا ہوگا۔
منگل کو وزیرحج و عمرہ  ڈاکٹر محمد صالح بنتن ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں سعودی وزیر صحت نے کہا ہے کہ ’حج پر جانے سے پہلے عازمین کا مکمل طبی معائنہ ہوگا نیز حج کے بعد انہیں خود کو گھروں میں قرنطینہ کرنا ہوگا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اس سال 65 سال سے کم عمر افراد کے علاوہ ان لوگوں کو حج پر جانے کی اجازت ہوگی جو مستقل بیماریوں سے محفوظ ہیں۔‘

 

’ان شرائط سے کسی کو بھی کسی حال میں استثنیٰ نہیں ہوگا‘۔
وزیر صحت نے کہا ہے کہ ’وبائی امراض سے پاک حج موسم کو یقینی بنانے کے لیے حفاظتی تدابیر اختیار کی گئی ہیں۔‘
’اس سے پہلے حج کو وبائی امراض سے پاک رکھنے کے لیے ہمارے پاس طویل تجربہ ہے۔‘
وزیر صحت نے کہا ہے کہ ’حج موسم کے لیے وزارت نے سخت صحت منصوبہ بنایا ہے جس پر مکمل طور پر عمل ہوگا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’امسال مشاعر مقدسہ میں کام کرنے والے تمام افراد کا کورونا ٹیسٹ ہوگا نیز حج کے ایام کے دوران بھی وہاں موجود تمام افراد کا معائنہ ہوتا رہے گا۔‘
’وبائی امراض کے انسداد کے لیے ایک ہسپتال صرف کورونا کے لیے مختص ہوگا جسے تمام سہولتوں سے آراستہ کیا جائے گا۔‘
دوسری طرف وزیر حج وعمرہ نے کہا ہے کہ ’امسال حج کے لیے مختلف منصوبہ بنایا ہے، ہم محفوظ حج موسم کو یقینی بنائیں گے۔‘

وزیر حج نے کہا ہے کہ ’اس سال انتہائی محدود تعداد میں عازمین کو حج کی اجازت ہوگی۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)

وزیر حج نے کہا ہے کہ ’بیرون ملک میں کسی بھی حاجی کو آنے کی اجازت نہیں ہوگی، اس میں کسی صورت استثنیٰ نہیں ہے۔‘
وزیر حج نے کہا ہے کہ ’اس سال انتہائی محدود تعداد میں عازمین کو حج کی اجازت ہوگی، محتاط اندازے کے مطابق حجاج کی کل تعداد 10 ہزار سے زیادہ نہیں ہوگی۔‘
’سعودی عرب میں کام کرنے والی سفارتی مشنز کے عازمین کو حج کی اجازت دینے کے لیے مختلف سفارتخانوں سے تال میل ہوگا۔‘

شیئر: