عمرہ پر آنیوالوں پر پابندی فرض کے احساس کے ساتھ ہے(فوٹواے ایف پی)
سعودی وزیر حج و عمرہ محمد بن صالح بنتن نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے گزشتہ دس برس کے دوران 150ملین سے زیادہ مسلمانوں کی خدمت کی۔ انہیں حج اور عمرہ کرایا۔
اخبار 24 کے مطابق وزیر حج و عمرہ نے توجہ دلائی ہے کہ عمرہ اور زیارت پر آنے والوں پر پابندی فرض کے احساس کے ساتھ لگائی گئی ہے۔ یہ پابندی احتیاطی تدابیر کا حصہ ہے۔ پابندی عارضی ہے، زائرین کی سلامتی کو یقینی بنائے رکھنے کے جذبے سے اس کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نائب وزیر حج و عمرہ عبدالفتاح مشاط نے بتایا کہ سعودی عرب نے عمرہ و زیارت پر پابندی نیو کورونا وائرس کے سدباب کے لیے لگائی ہے۔
مشاط نے نیوز چینل الاخباریہ سے گفتگو کرتے ہوئے اطمینان دلایا کہ عمرہ اور زیارت پر پابندی عارضی ہے۔ اس کا مقصد کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔
یہ پابندی کب تک رہے گی ابھی اس حوالے سے متعین تاریخ نہیں بتائی جاسکی۔
نائب وزیر حج نے بتایا کہ سپیشلسٹ کمیٹی قائم کی گئی ہے جو صورتحال کا مسلسل جائزہ لیتی رہے گی اور اسی کی سفارش کی بنیاد پر پابندی اٹھائی جائے گی۔ کمیٹی کی سربراہی وزارت صحت کررہی ہے۔