سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس آدنوم نے کہاکہ ’سعودی عرب نے یہ فیصلہ کورونا وائرس کی وبا کے خطرات کا ٹھوس بنیادوں پر جائزہ لے کر ہی کیا ہے۔ سعودی قیادت کے پیش نظر حاجیو ں کی سلامتی ، تحفظ ہے۔ انہیں وبا کے خطرات سے بچانے کے لیے عالمی ادارہ صحت کی مقرر کردہ ہدایات کے عین مطابق کیا ہے‘۔
عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل نے بدھ کو جنیوا میں پریس کانفرنس کےدوران کہا کہ’ عالمی ادارہ صحت محدود تعداد میں حج کے سعودی فیصلے کی حمایت کرتا ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام ممالک صحت عامہ کو اپنی ترجیحات میں اسی طرح شامل کریں جس طرح سعودی عرب نے کیا ہے۔
ڈاکٹر ٹیڈروس آدنوم نے مزید کہا کہ’ تمام ممالک کو صحت عامہ کو مقدم رکھتے ہوئے مشکل فیصلے کرنے ہوں گے‘۔
’ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ فیصلہ کرنا آسان نہیں تھا۔ یہ بھی سمجھتے ہیں کہ بہت سے مسلمانوں کو بڑی مایوسی ہے جو اس سال حج کرنے کے خواہشمند تھے۔ یہ سخت فیصلوں کی ایک اور مثال ہے تمام ممالک کو صحت کو الوین ترجیح دینا چاہیے‘۔
یاد رہے کہ پاکستان، عرب ملکوں اور عرب لیگ کی طرف سے بھی محدود حج کے فیصلے کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔
عازمین کی سلامتی سعودی عرب کی اولیں ترجیح رہی ہے۔ سعودی عرب کورونا کی وبا کے ماحول میں حجاج کے لیے سلامتی کے تقاضے پورے کررہا ہے۔