Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’میڈ اِن پاکستان‘وینٹیلیٹرز کی پہلی کھیپ تیار

پاکستان کے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ ملک کے اندر بننے والے وینٹیلیٹرز کی پہلی کھیپ تیار ہو چکی ہے جو رواں ہفتے نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے حوالے کر دی جائے گی۔
اتوار کی صبح وفاقی وزیر نے ٹویٹ کیا کہ ’میڈ اِن پاکستان وینٹیلیٹرز کی پہلی کھیپ این ڈی ایم اے کو اسی ہفتے حوالے کی جائے گی۔‘
فواد چودھری نے نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این آر ٹی سی) کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اگلے تین ڈیزائن بھی آخری مراحل میں ہیں ’جس کے بعد ہم دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہوں گے جو پیچیدہ میڈیکل مشینیں بناتے ہیں، یہ تمام مشینیں یورپی یونین کے مطابق ہیں۔‘

 

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر دنیا کے ہر ملک میں وینٹیلیٹرز کی کھپت بڑھ گئی ہے۔ 
پاکستان میں کورونا کی صورتحال پر نظر رکھنے والے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے مطابق ملک میں اس وقت 500 کے لگ بھگ مریض وینٹیلیٹرز پر ہیں۔ سرکاری اعداد وشمار کے مطابق این ڈی ایم اے نے ملک بھر میں ڈیڑھ ہزار سے زائد وینٹیلیٹرز کورونا کے مریضوں کے لیے مختلف ہسپتالوں میں مختص کر رکھے ہیں۔
پاکستان کو گزشتہ دو ماہ کے دوران چین کی حکومت نے بھی دیگ۔ر طبی آلات کے ساتھ وینٹیلیٹرز تحفے میں دیے ہیں جبکہ نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی نے ایک سو سے زائد وینٹیلیٹرز کی بیرون ملک سے خریداری بھی کی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں عالمی وبا کے آنے کے بعد وینٹیلیٹرز کی دستیابی کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا جس کے بعد مختلف یونیورسٹیوں اور نجی شعبے نے بھی مقامی طور پر ان کی تیاری کی کوششوں کا آغاز کیا۔
پاکستان میں وینٹیلیٹرز بنانے کے لیے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور وزات ڈیفنس پروڈکشن نے خصوصی دلچسپی لی۔
خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور میں قائم نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کے انجینیئرز نے مقامی طور پر وینٹیلیٹرز کی تیاری میں سرگرمی دکھائی۔

شیئر: