کنٹرول لائن پر ایک اور انڈین کواڈ کاپٹر مار گرایا:آئی ایس پی آر
گذشتہ برس سے دونوں ملکوں کے درمیان ایل او سی پر کشیدگی زیادہ بڑھی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی فوج نے لائن آف کنٹرول پر ہاٹ سپرنگ سیکٹر میں فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر انڈیا کا ایک اور کواڈ کاپٹر مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل بابر افتخار نے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ انڈین کواڈ کاپٹر آٹھ سو 50 میٹر پاکستانی حدود میں گھس آیا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ رواں برس نواں کواڈ کاپٹر ہے جسے پاکستان فوج نے مار گرایا ہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے پانچ جون کو کہا تھا کہ لائن آف کنٹرول کے خنجر سیکٹر میں آٹھواں کواڈ کاپٹر مار گرایا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ انڈیا کا کواڈ کاپٹر پاکستان کی حدود میں 500 میٹر تک اندر گھس آیا تھا۔
اس سے قبل جمعہ 29 مئی کو نیکرن سیکٹر میں اور بدھ 27 مئی کو کنٹرول لائن کے ساتھ رکھ چکری سیکٹر میں انڈیا کے کواڈ کاپٹر مار گرائے گئے تھے۔
واضح رہے کہ انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات تناؤ کا شکار ہے اور لائن آف کنٹرول پر بھی کشیدگی بڑھ گئی ہے۔