موبائل سم کا کاروبار کرنے والا 17 رکنی غیر ملکی گروہ گرفتار
’گروہ کے قبضے سے نا معلوم افراد کے نام پر نکالی جانے والی 9 ہزار سمیں ضبط ہوئی ہیں‘ ( فوٹو: الخلیج)
ریاض پولیس نے 17 رکنی غیر ملکی گروہ گرفتار کیا ہے جو گاڑیوں کی انشورنس پالیسی میں ہیر پھیر اور غیر قانونی طور پر گمنام موبائل سم فروخت کرتا تھا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق گروہ میں مصری، شامی، یمنی اور بنگلہ دیشی تارکین ہیں جنہیں گرفتار کرکے پبلک پراسیکیوٹر کے سامنے پیش کر دیا گیا ہے۔
ریاض پولیس کے ترجمان کرنل شاکر التویجری نے کہا ہے کہ ’مذکورہ گروہ کے افراد کمپنیوں کے نرخوں سے کم قیمت پر گاڑیوں کی انشورنس پالیسیاں فروخت کرنے کے علاوہ نا معلوم افراد کے نام پر موبائل سم کا کاروبار کرتے تھے‘۔
’مذکورہ افراد متعدد شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے نام پر موبائل سم نکالتے تھے اور پھر انہیں بلیک مارکیٹ میں فروخت کرتے تھے‘۔
’گروہ نے ریاض کے العزیزیہ محلے میں دو اپارٹمنٹ کرائے پر لے رکھے تھے جہاں ان کے کاروبار کا ٹھکانہ تھا‘۔
پولیس ترجمان نے بتایا ہے کہ ’گروہ کے دونوں ٹھکانوں پر چھاپہ مارنے سے مختلف کمپنیوں کی 9 ہزار سمیں ضبط ہوئی ہیں‘۔
’ان کے قبضے سے بایو میٹرک رجسٹریشن کے تین آلات، سکینر، کمپیوٹر اور جعلسازی میں استعمال ہونے والی دیگر اشیا بھی ضبط ہوئی ہیں‘۔
’تفتیش کے دوران ملزمان نے جرم کا اقرار کر لیا ہے، انہیں متعلقہ ادارے کے حوالے کر دیا گیا‘۔