38 کمپنیوں کی باگ ڈور پہلی نسل کے ہاتھوں میں ہے- فوٹو سبق
سعودی عرب 36 کمپنیوں کے ساتھ مشرق وسطی میں سو بڑی طاقتور ترین عرب فیملی کمپنیوں میں سرفہرست آگیا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق فوربز نے مشرق وسطی کی سو بڑی فیملی کمپنیوں کی فہرست جاری کرکے بتایا کہ کمپنیوں کی تعداد کے حوالے سے امارات دوسرے اور کویت تیسرے نمبر پر ہے۔
مشرق وسطی کی یہ فیملی کمپنیاں کئی نسلوں سے چل رہی ہیں- یہ مقامی کمپنیوں کی حیثیت تبدیل کرکے علاقائی اور بین الاقوامی کمپنیوں کا رتبہ حاصل کرچکی ہیں اور عالمی سطح پر مقابلے میں حصہ لے رہی ہیں۔
مڈل فوربز ویب سائٹ کے مطابق مشرق وسطی کی سو طاقتور ترین عرب فیملی کمپنیوں میں 2020 کے دوران 6 لاکھ سے زیادہ ملازم ہیں-
فیملی کمپنیوں کی فہرست میں عرب دنیا کے 10 طاقتور ترین خاندان شریک ہیں ان کی مجموعی دولت 31 ارب ڈالر سے زیادہ ہے-
فیملی کمپنیوں میں مصر کا منصور گروپ پہلے نمبر پر ہے- محمد یاسین اور یوسف منصور اس گروپ کے قائد ہیں- انکی مجموعی دولت 7.4 ارب ڈالر ہے۔
امارات کا الفطیم گروپ فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔ اس کا مالک ارب پتی عبداللہ الفطیم ہے۔ یہ گاڑیوں کے ڈیلر، ملبوسات، مالز اور مارکیٹوں میں بھاری سرمایہ لگائے ہوئے ہے۔
سعودی عرب کا العلیان گروپ فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے جبکہ کمپنیوں کی تعداد کے حوالے سے مملکت اول ہے-
طاقتور ترین سو عرب فیملی کمپنیوں میں دس کمپنیاں ایسی ہیں جو سو سال سے زیادہ پرانی ہیں۔ ان میں 13 کمپنیاں ایسی ہیں جن کے قیام پر 75 سے 100 برس تک بیت چکے ہیں۔
فہرست میں شامل 80 فیصد فیملی کمپنیاں ایسی ہیں جو اپنے یہاں یا علاقے کی سطح پر بین الاقوامی تجارتی مارکے حاصل کیے ہوئے ہیں۔
فہرست میں 15 ایسی فیملی کمپنیاں ہیں جنہیں خاندان کی تیسری نسل چلارہی ہے۔ 47 کمپنیاں وہ ہیں جن کی قیادت خاندان کی دوسری نسل کے پاس ہے اور 38 کمپنیاں پہلی نسل کے ہاتھوں میں ہیں۔