آصف زرداری کے قابل ضمانت وارنٹ جاری
عدالت نے سابق صدر کو آئندہ سماعت پر ہر صورت پیش ہونے کا حکم دیا (فوٹو: اے ایف پی)
احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کر دی جب کہ عدالت نے اسی کیس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی بھی شروع کر دی ہے۔
احتساب عدالت کے جج محمد اصغر علی نے توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کی۔
سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ نائیک کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی گئی جس کو عدالت نے مسترد کردیا۔
عدالت نے سابق صدر کو آئندہ سماعت پر ہر صورت پیش ہونے کا حکم دیا۔
فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ ’میں بیان دے رہا ہوں کہ آصف زرداری آئندہ سماعت پر پیش ہو جائیں گے۔‘ اس پر جج نے جواب دیا ’میں لمبی تاریخ دے دیتا ہوں پھر آصف زرداری عدالت میں پیش ہو جائیں۔‘
احتساب عدالت نے توشہ خانہ کیس میں نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی بھی شروع کر دی۔
احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ نواز شریف کی مسلسل عدم پیشی پر اشتہار جاری کر رہے ہیں۔ جج نے ریمارکس دیے کہ نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹس پرعملدرآمد نہیں ہو سکا۔
جج اصغر علی نے کہا کہ نواز شریف دانستہ طور پر عدالتی کارروائی کا حصہ نہیں بن رہے۔ بعدازاں احتساب عدالت نے نواز شریف کے بذریعہ اشتہار طلبی کے احکامات جاری کردیے۔
سابق صدر آصف زرداری اور دو سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف نیب نے توشہ خانے سے تخائف حاصل کرنے پر ریفرنس دائر کیا ہے۔
آصف زرداری، نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی پر تحائف میں ملنے والی گاڑیاں حاصل کرنے کا الزام ہے۔ گزشتہ سماعت کی طرح منگل کو بھی نواز شریف، آصف زرادی اور یوسف رضا گیلانی پیش نہیں ہوئے۔
-
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں