Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں امتحانات، فیڈرل بورڈ کی پالیسی کیا؟

وفاقی حکومت نے میٹرک اور انٹر کے طلبا کو اگلی کلاسوں میں پروموٹ کرنے کا اعلان کیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب میں اس سال ہزاروں پاکستانی طلبہ نے میٹرک کے چند پیپر ہی دیے تھے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے تعلیمی ادارے بند ہو گئے اور باقی کے امتحانات ملتوی ہو گئے۔
اسی طرح انٹرمیڈیٹ کے طلبہ امتحانات دے ہی نہ پائے۔
گو کہ وفاقی حکومت نے ایسے تمام طلبہ کو ان کی پچھلے سال کی کارکردگی کے لحاظ سے اگلی کلاسوں میں ترقی دینے کا اعلان کر رکھا ہے مگر اس میں بہت ساری پیچیدگیاں ہیں اور صورتحال ابھی تک پوری طرح واضح نہیں ہو سکی ہے۔
میڈیا میں یہ اعلان سامنے آیا کہ میڑک اور انٹر کے طلبہ کو امتحان کے بغیر پرموٹ کردیا گیا ہے لیکن فیڈرل بورڈ نے اب تک کوئی نوٹی فیکیشن جاری کیا اور نہ ہی مارک شیٹ یا کلیئرنس سرٹیفکیٹ کے بارے میں کچھ بتایا ہے۔
سعودی عرب میں مقیم طلبا کیا کریں؟
اس حوالے سے اردو نیوز نے فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میں کنٹرولر امتحانات فاطمہ طاہرہ سے بات کی تو ان کا کہنا تھا کہ ابھی میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے نتائج کے حوالے سے مزید تفصیلات طے کی جارہی ہیں اور کچھ امور زیرغور ہیں۔
اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے بورڈ کے ترجمان قدیر احمد کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر کی طرف سے میٹرک اور انٹر کے طلبہ کو پروموٹ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم باقی تفصیلات میں بہت کچھ طے کرنا رہ گیا تھا اس حوالے سے فیڈرل بورڈ نے تعلیم کی وفاقی وزارت کو چند تجاویز بھیجی ہیں جن کے جواب کا انتظار ہے۔

میٹرک کے امتحانات کے دوران سکولز کورونا کی وجہ سے بند کردیے گئے تھے (فوٹو: اے ایف پی)

اردو نیوز کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں جن طلبا نے چند پیپرز دیے  ہیں اور ان کے والدین واپس پاکستان آ رہے ہوں تو وہ اپنے متعلقہ سکول سے این او سی (نو آبجیکشن سرٹیفیکیٹ) لے کر آجائیں تو انہیں یا تو اگلی کلاسوں میں داخلہ دے دیا جائے گا یا پھر  دوبارہ پیپرز ہونے کی صورت میں پاکستان میں ہی بقیہ پیپرز دینے کی اجازت دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی طلبہ کے دیے گئے پیپرز کا ریکارڈ فیڈرل بورڈ کے پاس ہے اور انہیں اس سلسلے میں فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
فیڈرل بورڈ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایسے طلبہ جو سعودی عرب سے پاکستان واپس آچکے ہیں انہیں فیڈرل بورڈ کے ساتھ ای میل یا فون پر رابطہ کرنا چاہیے۔
میٹرک اور انٹر سائنس کے طلبہ سے پریکٹیکل امتحان لیے جانے کی اطلاعات پر ترجمان کا کہنا تھا کہ  اس بارے میں حتمی فیصلہ ابھی ہونا ہے اور جوں ہی کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے گا میڈیا کے ذریعے اطلاع فراہم کر دی جائے گی۔ 

ترجمان کے مطابق فیڈرل بورڈ نے تعلیم کی وفاقی وزارت کو چند تجاویز بھیجی ہیں جن کے جواب کا انتظار ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)

اردو نیوز جدہ کے پاس موجود تفصیلات کے مطابق اس سال سعودی عرب میں پانچ ہزار کے قریب طلبا و طالبات نے میٹرک کے چند پیپرز دیے جب کہ اس سال دو ہزار سے زائد طلبہ نے انٹر کے امتحانا ت کے لیے رجسٹریشن کرائی۔
ایک سوال پر کہ اگر طلبہ کو پروموٹ کرنے کا فیصلہ حتمی ہے تو مارک شیٹ کب جاری ہوگی اور اگلی کلاسوں میں داخلے کا کیا طریق کار کیا ہو گا؟ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے طلبہ و طالبات کے حوالے سے سفارشات وزارت تعلیم کو بھیجی جا چکی ہیں مگر ابھی فیصلہ ہونا باقی ہے۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: