Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

العزیزیہ سکول کی طلبا کی سہولت کے لیے آن لائن کلاسز

موجودہ حالات میں ٹرانسپورٹ فیس میں 2 ماہ کی رعایت دی گئی(فوٹو، ٹویٹر)
پاکستان انٹرنیشنل سکول العزیزیہ، جدہ کی جانب سے ’کورونا وائرس‘ کے حوالے سے کمیونٹی کی سہولت کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں جن میں مارچ اور اپریل کی بس فیس معاف کرنے کے علاوہ طلبا کی سہولت کےلیے آن لائن کلاسوں کا اجرا بھی شامل ہے۔
سکول انتظامیہ کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلز میں کہا گیا ہے کہ ’موجودہ کوروناوائرس کے حوالے سے مملکت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو سہولت فراہم کرنے کےلیے متعدد اقدامات کیے ہیں جن میں فیڈرل بورڈ کے زیر انتظام ہونے والے ’ ایس ایس سی‘ اور’ ایچ ایس سی‘ کے امتحانات کوملتوی کرایا گیا‘
مملکت کے دیگر شہروں میں مقیم پاکستانی کمیونٹی جن کے بچے پرائیوٹ طور پر سکول کے زیر انتظام امتحان میں شرکت کرتے تھے ان کے لیے پرائیوٹ امتحانات کو ری شیڈول کیا جائے گا اور والدین سے اس ضمن میں کوئی اضافی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔

ای لرننگ سہولت سے ہر کوئی مستفیض ہوسکتا ہے(فوٹو، سوشل میڈیا)

’سکول انتظامیہ نے طلبا کے سال ضایع ہونے کے خدشے کے تحت ایف جی سیکشن میں جماعت اول سے ہفتم تک کے تمام طلبا کو بغیر امتحان لیے اگلی کلاسوں میں پروموٹ کردیا ہے‘
’کورونا وائرس ‘ کے حوالے سے موجودہ صورتحال کے تناظر میں طلبا کو تعلیمی نقصان سے بچانے کےلیے ’ای لرننگ ‘ (آن لائن ) کلاسوں کا آغاز کیا ہے جس کے لیے تمام طلباو طالبات بلاکسی تفریق و اضافی معاوضے کے خواہ ان کے والدین نے ماہانہ فیس جمع کرائی ہویا نہیں ای لرننگ سے استفادہ کر سکتے ہیں‘۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ ’والدین کی سہولت کےلیے اسکول کی ویب سائٹ پر ایڈمیشن اور رجسٹریشن فارم مہیا کیاگیا ہے تاکہ وہ افراد جوکرفیو کی وجہ سے سکول نہ آسکیں وہ ویب سائٹ سے فارم ڈاون لوڈ کر کے سکتے ہیں‘
’ وہ والدین جو موجودہ حالات کی وجہ سے ٹیوشن فیس جمع نہیں کراسکے ان سے کسی قسم کا جرمانہ نہیں لیا جائے گا ، فیس جمع کرانے کے لیے آن لائن سہولت بھی فراہم کی گئی ہے ، اکاونٹ نمبر سکول کی ویب سائٹ سے حاصل کیاجاسکتا ہے‘۔
سکول انتظامیہ کی جانب سے شکایات اور تجاویز کے لیے پرنسپل سے رابطے کےلیے ای میل بھی ویب سائٹ پر موجود ہےجس پر بلا کسی تردد کے مسائل بیان کیے جا سکتے ہیں‘۔
 

پی آئی ایس جے ، پاکستانیوں کا سب سے قدیم تعلیمی ادارہ ہے (فوٹو، ٹویٹر)

موجودہ حالات میں سکول میں طلبا کی مجموعی تعداد 5 ہزار ہے ۔یاد رہے پاکستان انٹرنیشنل اسکول ، العزیزہ جدہ پاکستانیوں کا وہ واحد ادارہ ہے جسے قائم ہوئے نصف صدی سے زیادہ وقت ہو چکا ہے۔ جدہ میں مقیم کمیونٹی کی جانب سے موجودہ حالات کے تناظر میں سکول انتظامیہ سے مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ فیسوں کے حوالے سے مراعات دیں تاکہ والدین کی بھی مشکلات میں کسی قدر کمی ہو۔

شیئر: