بین الاقوامی پروازیں تا اطلاع ثانی معطل رہیں گی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ) نے پھر کہا ہے کہ بین الاقوامی پروازوں پر پابندی جوں کی توں برقرار ہے۔ بین الاقوامی پروازیں تا اطلاع ثانی معطل رہیں گی۔
اخبار 24 کے مطابق السعودیہ نے بیان میں کہا کہ اس پابندی سے وہ بین الاقوامی پروازیں مستثنیٰ ہیں جو سعودی عرب میں مقیم غیرملکیوں کی وطن واپسی کے لیے چلائی جا رہی ہیں۔
یاد رہے کہ وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے سعودی عرب کے متعلقہ اداروں کے تعاون و اشتراک سے ایک ایپ ’عودۃ‘ کے نام سے قائم کی رکھی ہے۔
اس ایپ کے ذریعے سعودی عرب میں مقیم ان تارکین وطن کو واپسی کی درخواست دینا ہوتی ہے جو وطن واپس جانا چاہتے ہیں۔ اس کے لیے انہیں اپنے ملک سے سفارت خانے یا قونصلیٹ کے ذریعے یہ منظوری بھی لینا پڑتی ہے کہ وطن پہنچنے پر انہیں مملکت واپس نہیں کیا جائے گا۔
السعودیہ نے نئی وضاحت سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان افواہوں کے جواب میں جاری کی ہے جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ السعودیہ نے دیگر ملکوں کی طرح بین الاقوامی پروازوں پر عائد پابندی اٹھالی ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں