Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جون کے بجلی بل میں 15 فیصد ٹیکس شامل؟

جو سامان 30 جون 2020 سے قبل درآمد کیا گیا ہو اس پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس 5 فیصد ہوگا- فوٹو: سبق
سعودی بجلی کمپنی نے کہا ہے کہ جون کے بجلی بل میں 15 فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس (واٹ) شامل نہیں ہوگا- 15 فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس پر عمل درآمد یکم جولائی سے کیا جائے گا اس سے پہلے کے کسی بھی بل پر نہیں-
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی بجلی کمپنی نے اس حوالے سے بتایا کہ محکمہ زکوۃ و آمدنی کی ہدایت کے مطابق 15 فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس کا فیصلہ یکم جولائی 2020 سے نافذ کیا جائے گا- جون کے بل میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس صرف  5 فیصد ہوگا خواہ جون کا بجلی بل جولائی ہی میں کیوں نہ جاری ہو-
یاد رہے کہ مملکت بھر میں 30 جون 2020 تک ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی شرح  5 فیصد تھی- یکم جولائی سے اسے بڑھا کر پندرہ فیصد کردیا گیا-
دوسری جانب مکہ مکرمہ ایوان صنعت و تجارت میں تجارتی کمیٹی نے ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی نئی شرح کے حوالے سے وڈیو اجلاس کیا- اس موقع پر محکمہ زکوۃ و آمدنی کے نمائندوں عبداللہ العنزی اور عفاف الفیفی نے ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے حوالے سے وضاحتیں دیں-

محکمہ زکوۃ سے ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی ادائیگی میں سہولت طلب کی جاسکتی ہے- فوٹو: سبق

انہوں نے بتایا کہ تمام سامان اور جملہ خدمات پر پندرہ فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس نافذ ہوگا- وکلا کے معاہدے بھی اس میں شامل ہوں گے البتہ محکمہ زکوۃ سے ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی ادائیگی میں سہولت طلب کی جاسکتی ہے-
تعلیمی فیس پر ابھی 5 فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس لیا جائے گا کیونکہ ان کی وصولی لیٹ ہوگئی ہے جبکہ  فیس کے استحقاق کا تعلق یکم جولائی سے پہلے والے دورانیے سے ہے-
محکمہ زکوۃ کے مطابق کوئی بھی سامان جو 30 جون 2020 سے قبل  درآمد کیا گیا ہو اس پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس 5 فیصد ہی لاگو ہوگا لیکن اگر یکم جولائی سے کوئی سامان درآمد کیاجائے گا تو اس پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس 15 فیصد لیا جائے گا-
العنزی نے بتایا کہ سرکاری ادارے پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس نافذ نہیں ہوگا-
العنزی سے دریافت کیا گیا کہ کیا گاڑیوں کی نمبر پلیٹ کے اجرا پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس ہوگا تو انہوں نے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر ٹیکس بل  11 مئی  2020 سے 30 جون تک جاری ہوا ہو تو ایسی صورت میں صرف  5 فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس  ہوگا  البتہ اگر یکم جولائی کے بعد جاری ہوا ہو اور گاڑی اس کے بعد آئی ہو تو ایسی صورت میں ٹیکس  15 فیصد ہی ہوگا-
محکمہ زکوٖۃ کے نمائندے سے پوچھا گیا  کہ اگر کسی شخص نے  یکم مئی سے ایک سال کے لیے کسی کمپنی سے ہیلتھ انشورنس سکیم حاصل کی ہواور معاہدے میں یہ بات موجود ہو کہ ہیلتھ انشورنس سکیم کی رقم قسطوں میں ماہانہ وصول کی جائے گی اور ہر مہینے کی میڈیکل انشورنس سروس کا بل جاری ہوگا تو کیا ایسی صورت میں پانچ فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس لیا جائے گا یا پندرہ فیصد کا فیصلہ لاگو ہوگا-
محکمہ زکوۃ کے نمائندے نے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یکم مئی سے  30 جون تک ہیلتھ انشورنس سروس پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس 5 فیصد ہوگا جبکہ یکم جولائی سے آئندہ گیارہ ماہ تک پندرہ فیصد ٹیکس وصول کیا جائے گا-

 

خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: