وزارت صحت کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے زیادہ مریض شفایاب ہوئے ہیں (فوٹو: العربیہ)
سعودی وزرات صحت کا کہنا ہے کہ ملک میں 100 سے زائد کورونا کے مریض پلازمہ تھراپی سے مستفیض ہوئے جبکہ کووڈ 19 سے شفایاب ہونے والے 512 افراد نے اپنا خون عطیہ کرنے کے لیے خود کو رجسٹر کرایا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے وزارت صحت کی جانب سے جمعہ کے روز جاری بیان کے حوالے سے کہا ہے کہ ملک میں کورونا سے صحتیاب ہونے والے مریضوں سے پلازما حاصل کیا گیا۔
خون کے عطیات سے پلازمہ کو جدا کرکے اس کے ذریعے کووڈ 19 کے دیگر مریضوں کے علاج کے لیے تجربات کا عمل جاری ہے۔
وزارت صحت کا کہنا تھا کہ ملک میں کورونا وائرس سے شفایاب مریضوں کی تعداد کافی ہے۔
پلازمہ ڈونرز کی تعداد بھی حوصلہ افزا ہے جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ سعودی عرب میں اس حوالے سے لوگوں کی سوچ مثبت ہے اور وہ پلازمہ عطیہ کرنے کے لیے خود کو رضاکارانہ طور پر رجسٹر کرا رہے ہیں۔