صحت پانے والوں کی تعداد ایک لاکھ 37 ہزار تک پہنچ گئی ہے-(فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت صحت کے مطابق سعودی عرب کا شمار ان میں ممالک میں ہوتا ہے جہاں کورونا متاثرین کی بڑی تعداد صحت یاب ہوئی ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے ایک بیان میں کہا کہ سعودی عرب ان ملکوں کی فہرست میں شامل ہے جہاں نئے کورونا وائرس سے شفا پانے والوں کی شرح بہت زیادہ ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ جمعرات کو مملکت میں مہلک وائرس سے 4 ہزار 909 افراد صحت یاب ہوئے جبکہ متاثرین کی تعداد 3383 ریکارڈ کی گئی۔
سعودی عرب میں وائرس سے صحت پانے والوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 37 ہزار 669 تک پہنچ گئی ہے-
وزارت صحت کے ترجمان نے کورونا وائرس سے متعلق پریس کانفرنس میں مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو اجتماعی تقریبات میں جانے سے پرہیز کرنے کی ہدایت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر خدانخواستہ کسی اجتماع یا محفل میں شرکت ناگزیر ہو تو 50 سے زیادہ افراد اکھٹے نہ ہوں اور سماجی فاصلے کی پابندی کریں۔