Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دورہ انگلینڈ: ٹیسٹ، ٹی20 میچز کا شیڈول

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ پانچ اگست کو کھیلا جائے گا (فوٹو اے ایف پی)
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ اور تین ٹی20 انٹرنشنل میچوں کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ 
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ٹیسٹ سیریز کا آغاز پانچ اگست کو مانچسٹر میں اولڈ ٹریفرڈ  کے تاریخی میدان سے ہوگا، جبکہ دیگر دو میچز 13 اور 21 اگست کو ساؤتھ ایمپٹن میں کھیلے جائیں گے۔
کورونا وائرس کی وبا کے باعث بین الاقوامی کرکٹ کئی ماہ سے معطل ہے اور بدھ کو انگلینڈ کے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میچ سے بین الاقوامی کرکٹ بحال ہو رہی ہے۔ انگلینڈ ویسٹ انڈیز کے ساتھ تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گا۔ 
حفاظتی اقدامات کے تحت یہ تمام میچز تماشائیوں کے بغیر سٹیڈیمز میں کھیلے جائیں گے۔
ٹیسٹ سیریز کے بعد انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان تین ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز بھی مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ سٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔ سیریز کا پہلا اور دوسرا میچ بالترتیب 28 اور 30 اگست کو کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا میچ یکم ستمبر کو کھیلا جائے ہوگا۔
اس کے علاوہ  پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان بھی ساؤتھ ایمپٹن میں تین ون ڈے میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔ اس سیریز کا پہلا میچ 30 جولائی، دوسرا یکم اگست جبکہ تیسرا چار اگست کو آئر لینڈ اور پاکستان کے درمیان کھیلا جائے گا۔

پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان بھی ساؤتھ ایمپٹن میں تین ون ڈے میچز کی سیریز کھیلی جائے گی (فوٹو اے ایف پی)

انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ٹام ہیریسن کا کہنا تھا کہ کورونا کے دوران حفاظتی اقدامات اپناتے ہوئے آئرلینڈ اور پاکستان کے مابین تین میچز کا ہونا ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ کا ایک مرتبہ پھر بحال ہونا خاطر خواہ کوششوں اور مہارت کا نتیجہ ہے۔
اے ایف پی کے مطابق آسٹریلیا  وائٹ بال کرکٹ دورہ اور انگلینڈ خواتین کرکٹ ٹیم کی انڈیا اور جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کی ممکنہ تاریخوں پر بھی بات چیت جاری ہے۔

شیئر: