انگلینڈ نہ جانے والے کھلاڑیوں کا ٹیسٹ منفی
کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ سے یہ کھلاڑی انگلینڈ نہ جا سکے تھے (فوٹو پی سی بی)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ سے دورہ انگلینڈ پر ٹیم کے ساتھ نہ جا سکنے والے کھلاڑیوں کے حالیہ دونوں ٹیسٹوں کے نتائج منفی آئے ہیں جس کے بعد وہ ٹیم میں شامل ہونے کے لیے انگلینڈ جا سکیں گے۔
منگل کے روز پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ تفصیل میں بتایا گیا ہے کہ فخر زمان، محمد حسنین، محمد حفیظ، محمد رضوان، شاداب خان اور وہاب ریاض کا تین دنوں میں دوسرا کورونا ٹیسٹ بھی منفی آیا ہے۔ جس کے بعد یہ کھلاڑی وورسٹرشائر انگلینڈ میں موجود پاکستانی ٹیم کو جوائن کر سکتے ہیں۔
پی سی بی کے مطابق ان کھلاڑیوں کا ٹیسٹ 26 جون کو کیا گیا تھا جس کے نتائج منفی آئے، دوسرا ٹیسٹ گزشتہ روز 29 جون کو لیا گیا تو اس کے نتائج بھی منفی آئے ہیں۔
قبل ازیں کورونا ٹیسٹ منفی آنے والے کھلاڑی دورہ انگلینڈ پر جانے والی قومی ٹیم کے ساتھ نہیں جا سکے تھے۔ کرکٹ بورڈ حکام کا کہنا تھا کہ آئندہ طبی ٹیسٹوں کے نتائج کو دیکھ کر ہی ان کھلاڑیوں کی ٹیم میں شمولیت کا تعین کیا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ اب ان کھلاڑیوں کے سفری انتظامات کرے گا جس کے بعد ان کی برطانیہ روانگی کی تفصیل جلد شیئر کی جائے گی۔
کورونا وائرس کی صورتحال میں طے پانے والے دورہ انگلینڈ پر جانے والی قومی ٹیم کے کھلاڑیوں، کوچنگ سٹاف اور دیگر کے ٹیسٹ کیے گئے تھے جس کے بعد کورونا سے محفوظ افراد انگلینڈ روانہ ہو چکے ہیں، جہاں وہ 14 روز کے لیے قرنطینہ میں ہیں۔
دورہ انگلینڈ پر موجود قومی ٹیم کو اگست اور ستمبر کے دوران میزبان انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ اور تین ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنی ہے۔
-
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں