امدادی ٹیموں کو سنگلاخ راستے پر 4 کلو میٹر پیدل چلنا پڑا ( فوٹو: المواطن)
سعودی عرب کے جنوبی شہر ابہا کے سودہ پہاڑ سے ایک شہری گر کر ہلاک ہوگیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق عسیر ریجن کے محکمہ شہری دفاع کے ترجمان کیپٹن محمد السید نے بتایا ہے کہ ’ہلاک ہونے والا شہری پرفضا مقام کی سیر کر رہا تھا کہ چٹانوں سے اس کا پیر پھسل گیا اور وہ وادی میں جا گرا‘۔
محکمہ شہری دفاع کے ترجمان نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’واقعہ گذشتہ روز کا ہے جب محکمے کو اطلاع دی گئی کہ ایک شخص پہاڑی علاقے سے گر گیا ہے‘۔
’فوری طور پر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور تلاش شروع کی گئی، امدادی ٹیموں کو سنگلاخ اور دشوار گزار راستوں سے پیدل چل کر وادی میں نیچے جانا پڑا‘۔
’امدادی اہلکار کم وبیش 4 کلو میٹر ڈھلان پر چلتے رہے جہاں تہہ میں شہری کی لاش ملی۔ بعد ازاں اسی دشوار گزار راستے پر چلتے ہوئے لاش کو اٹھا کر چوٹی تک پہنچنا پڑا‘۔
’ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش متعلقہ محکمے کی حوالے کردی گئی ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’پہاڑی علاقوں میں سیر و سیاحت کے لیے آنے والوں کو احتیاط برتنی چاہیے، سیلفی لینے کے چکر میں خطرناک مقامات کے قریب نہ جائیں، چوٹیوں پر کئی چٹانیں جمی ہوئی نہیں ہوتیں جبکہ وہاں پھسلنے کا بھی امکان رہتا ہے‘۔