’ویکسین بولی لگانے والوں کے بجائے ضرورت مندوں کو دیں‘
’ویکسین بولی لگانے والوں کے بجائے ضرورت مندوں کو دیں‘
ہفتہ 11 جولائی 2020 19:40
بل گیٹز کا کہنا تھا دوائیں، ویکسین ضرورت مند افراد کو ملنی چاہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
مائیکرو سافٹ کمپنی کے بانی بل گیٹس نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی دوائیں اور ویکسین ان افراد میں تقسیم کرنی چاہیے جن کو ان کی ضرورت ہے نہ کہ سب سے زیادہ بولی دینے والوں کو۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کووڈ 19 اور ایڈز سے متعلق ایک آن لائن کانفرنس کے دوران بل گیٹس کا کہنا تھا کہ وہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ کے بارے میں پُر امید ہیں۔
'اگر ہم ضرورت مند افراد کے بجائے دوائیں اور ویکسین سب سے زیادہ بولی لگانے والوں کو دیں گے تو ہمیں طویل دورانیے تک اس جان لیوا وبا کا سامنا ہوگا۔‘
واضح رہے کہ بل گیٹس کے ادارے نے جون میں ویکسین کے حوالے سے عالمی الائنس ’گاوی‘ کو سات عشاریہ چار ارب ڈالر دینے کا وعدہ کیا تھا۔
سنیچر کو ہونے والی آن لائن کانفرنس میں بل گیٹس نے مزید کہا کہ، 'ہمیں ایسے لوگوں کی ضرورت ہے جو مارکیٹ کے بجائے ضرورت کے تحت (دواؤں اور ویکسین کی) تقسیم کے بارے میں مشکل فیصلے کر سکیں۔'
دواؤں کی فراہمی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے اس عمل میں خلل پیدا ہونے کا خدشہ ہے اور اس سے ہزاروں افراد ایڈزسمیت دیگر بیماریوں کے علاج سے محروم ہو سکتے ہیں۔
'تاہم میں پرامید ہوں۔ ہم کووڈ 19 کو شکست دیں گے اور ایڈز اور دیگر طبی بحران کے خلاف کام جاری رکھیں گے۔'
وبا سے متعلق پر امید ہونے کہ وجہ بتاتے ہوئے بل گیٹس کا کہنا تھا کہ محققین اس حوالے سے میں بہت اچھا کام کر رہے ہیں اور دواؤں کے لیے سرمایہ کاری بھی کی جارہی ہے۔
عالمی یکجہتی کو دوسری وجہ قرار دیتے ہوئے ان کا کہان تھا کہ چاہے وہ کووڈ 19 ہو یا ایڈز اس پر پوری دنیا کا ایک ہونا اور اسے ختم کرنے کے لیے پُرعظم ہونا سب سے اہم ہے۔