عازمینِ کو منیٰ ٹاورز میں ٹھہرانے کی تیاریاں
حج کے دوران اختیار کی جانے والی ایس او پیز کے تحت منی ٹاورز کو مکمل طور پر استعمال کیا جائے گا (فوٹو: سبق)
عازمین حج کو منیٰ ٹاورز میں ٹھہرانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اس سال مخصوص حالات کے باعث منفرد حج کی سعادت حاصل کرنے والے عازمین کو قیامِ منیٰ کے دوران انہی ٹاورز میں رہائش فراہم کی جائے گی۔
جمرات پل کے قریب اور پہاڑوں کے دامن میں نمایاں طرز تعمیر کے حامل 6 ٹاورز ہیں، ہر ٹاور میں 12 منزلیں ہیں۔
حج کے دوران اختیار کیے جانے والے ایس او پیز کے تحت منیٰ ٹاورز کو مکمل طور پر استعمال کیا جائے گا۔
وزارت حج کی طرف اختیار کی جانے والی حفاظتی تدابیر کے مطابق ہر ایک عازم کے لیے منیٰ، عرفات اور مزدلفہ میں 9 میٹر کا رقبہ مختص ہوگا۔
جمرات کی رمی کے لیے تھیلیوں میں بند جراثیم سے پاک کنکریاں فراہم کی جائیں گی۔ کھانے پینے کے لیے پیشگی تیار شدہ بند اشیا مہیا ہوں گی۔
وزارت حج کی حفاظتی تدابیر کے تحت ہر عازم کو سمارٹ کارڈ دیا جائے گا جس میں تمام ضروری معلومات کا اندراج ہوگا، ہر عازم کو سینیٹائزر، ماسک اور دیگر ضروری اشیا پر مشتمل تھیلا دیا جائے گا۔