Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج کا نیا لوگو جاری، ’بسلام آمنین‘ کا اضافہ

’حج کے نئے لوگو میں تبدیلی کرتے ہوئے ’بسلام آمنین‘ کے الفاظ کا اضافہ کیا گیا ہے‘ ( فوٹو: وزارت اطلاعات)
وزارت اطلاعات کے تحت حکومتی کمیونیکیشن مرکز نے حج 1441 کا مشترکہ لوگو جاری کر دیا ہے جسے حج میں شریک تمام سرکاری و نجی ادارے یکساں طور پر استعمال کریں گے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق حج کے نئے لوگو میں موجودہ حالات کی مناسبت سے تبدیلی کرتے ہوئے ’بسلام آمنین‘ کے الفاظ کا اضافہ کیا گیا ہے۔
وزارت اطلاعات نے کہا ہے کہ ’یہ دو الفاظ قرآن مجید کی سورہ الحجر کی آیت 46 سے ماخوذ ہیں۔ ’بسلام‘ سے مراد سلامتی کے ساتھ اور ’آمنین‘ سے مراد امن کے ساتھ ہے، یعنی اس سال حج سلامتی اور امن کے ساتھ ہوگا‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’لوگو میں چار دائرے ہیں جن کے قریب 20 اور 41 لکھا ہے، اس سے مراد عیسوی سال 2020 اور ہجری سال 1441 ہے۔ دائروں کے وسط میں سیاہ مکعب ہے جس سے مراد کعبۃ اللہ ہے‘۔
’لوگو کی ترکیب سے اس طرح بنی ہے جس طرح ’حج‘ لکھا جاتا ہے۔ سبز رنگ سے مراد سلامتی، صحت اور امن و امان ہے۔ لکیروں اور ان کے درمیان خالی سفید جگہ سے مراد طواف کے دوران سماجی فاصلہ ہے جو حج کے مناسک کی ادائیگی میں اختیار کیا جائے گا‘۔

سبز رنگ سے مراد سلامتی، صحت اور امن و امان ہے (فوٹو: وزارت اطلاعات)

وزارت نے کہا ہے کہ ’حکومتی کمیونیکیشن مرکز کی طرف سے گذشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی حج کا لوگو جاری کرنے کا مطلب یہ ہے کہ عازمین کی خدمت پر مامور تمام اداروں کا یکساں پیغام ہے جو میڈیا کو دیا جا رہا ہے، یہ حکومتی اداروں میں ہم آہنگی اور مشترکہ کوششوں کی بھی عکاسی کرتا ہے‘۔
واضح رہے کہ حکومتی کمیونیکیشن مرکز اس سے قبل متعدد سرکاری تقریبات اور قومی تہواروں کے لوگو جاری کر چکا ہے۔
  • واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: