Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سکول کھولنے سے وبا میں تیزی آئے گی‘

10 برس سے کم عمر کے بچے وہ وبا کو زیادہ پھیلانے کا باعث نہیں بنتے ہیں (فوٹو: یونیسیف)
کورونا وائرس کی عالمی وبا کی وجہ سے ہونے والے لاک ڈاؤن سے جہاں معمولات زندگی معطل ہو کر رہ گئے ہیں وہیں اس کے اثرات تعلیم پر بھی پڑے ہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں سکولوں کو دوبارہ کھولنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ کہیں سکول کھول دیے گئے ہیں، کہیں کھولنے کی تیاری کی جا رہی ہے اور کئی ملکوں میں سکولوں کو کھولنے کے بعد وبا کے پھیلنے کے خطرے کے باعث دوبارہ بند کر دیا گیا ہے۔ بلکہ امریکہ میں تو سکول کھولنے کے خلاف مظاہرہ بھی ہوا ہے۔
پاکستان میں بھی حکومت کی طرف سے اعلان کیا گیا ہے کہ 15 ستمبر سے سکول کھول دیے جائیں گے۔

 

ایسے میں ایک بڑی تحقیق سامنے آئی ہے جس میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر سکول کھولے گئے تو کورونا وائرس بہت تیزی سے پھیل سکتا ہے کیونکہ بڑی عمر کے بچے بھی بڑوں کی طرح وبا کو پھیلانے کا باعث بن سکتے ہیں۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق جنوبی کوریا میں کی جانے والی ایک بڑی تحقیق میں 65 ہزار افراد نے تجویز دی ہے کہ سکول کھلنے سے وبا مزید تیزی سے پھیلے گی۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ 10 سے 19 برس کے بچے بھی بڑی عمر کے افراد کی طرح وبا کو پھیلا سکتے ہیں، جبکہ ان بچوں کے مقابلے میں جن بچوں کی عمر 10 برس سے کم ہے وہ وبا کو کم پھیلاتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر سکول کھولے گئے تو کورونا وائرس مزید پھیلے گا۔ یونیورسٹی آف مینیسوٹا میں وبائی امراض کے ماہر مائیکل اوسٹر ہام نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی منتقلی ہوگی۔ ہمیں اسے قبول کرنا چاہیے اور اس حوالے انتظامات کرنے ہوں گے۔‘
ہارورڈ گلوبل ہیلتھ انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اشیش جہا کا کہنا ہے کہ یورپ اور ایشیا میں کی جانے والی مختلف سٹڈیز میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ بچے خود بھی وائرس کا شکار کم ہوتے ہیں اور اسے دوسروں میں بھی زیادہ نہیں پھیلاتے۔ تاہم ان میں سے زیادہ تر سٹڈیز چھوٹی تھیں اور ان میں خامیاں تھیں۔
دوسری طرف عالمی ادارہ صحت کے مطابق ہفتے کو کورونا وائرس کے کیسز میں ایک دن میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔

کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں امریکہ سر فہرست ہے (فوٹو: اے ایف پی)

خبر رساں اداے روئٹرز کے مطابق دنیا بھر میں کیسز کی تعداد میں دوسرے روز بھی ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ سنیچر کو کیسز کی تعداد دو لاکھ 59 ہزار 848 تھی، اور جمعے کو جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق دو لاکھ 37 ہزار اور 743 کیسز ریکارڈ ہوئے تھے۔
دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد ایک کروڑ 43 لاکھ سے زائد ہوگئی ہے جب کہ دنیا بھر میں چھ لاکھ 497 افراد اس وبا کا شکار ہوکر ہلاک ہو چکے ہیں۔
کورونا کے کیسز دنیا کے 210 ممالک اور خطوں میں رپورٹ ہوئے ہیں۔
کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں امریکہ سر فہرست ہے جہاں اس وبا سے اب تک 37 لاکھ 27 ہزار 371 افراد متاثر ہوئے ہیں جب کہ ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 39 ہزار 994 ہے۔ برازیل میں اس وبا سے 20 لاکھ 74 ہزار 860 افراد متاثر جب کہ 78 ہزار 772 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
کیسز کی تعداد کے حوالے سے انڈیا سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں تیسرے نمبر پر ہے جہاں وبا سے 10 لاکھ 38 ہزار 716 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 26 ہزار  273 افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔

شیئر: