ماسک چوری کرنے والے دو افراد ہلاک
اتوار 19 جولائی 2020 8:27
جنوبی افریقہ میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد تین لاکھ 50 ہزار سے زیادہ ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں ایک ایئر پورٹ پر فیس ماسک چوری کرنے والے افراد اور پولیسں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو مبینہ چور ہلاک ہوئے ہیں۔
خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق براعظم افریقہ میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز جنوبی افریقہ میں رپورٹ ہوئے ہیں۔
جنوبی افریقہ میں کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد تین لاکھ 50 ہزار سے زیادہ ہے اور اس وبا سے پانچ ہزار کے قریب اموات ہوئی ہیں۔
جنوبی افریقہ دنیا کے ان ممالک میں شامل ہیں جہاں جرائم کی شرح سب سے زیادہ ہے۔
پولیس کے مطابق ’ مشتبہ افراد کا ایک گروپ او آر ٹیمبو ایئر پورٹ کے کارگو سیکشن میں داخل ہوا اور عملے کو گن پوائنٹ پر رکھا۔‘
پولیس نے بتایا کہ اس نے مجرموں کا تعاقب فوراً کیا ’فائرنگ کے تبادلے میں دو مشتبہ افراد ہلاک جبکہ دیگر سات افراد کو گرفتار کیا گیا۔‘
قریب میں ایک سویلین بھی بظاہر فائرنگ سے زخمی ہوا۔
پولیس نے مزید بتایا کہ مشتبہ افراد کے ٹرک سے چوری کیے گئے ماسک اور موبائل فون کے تین کریٹس برآمد کیے گئے۔