سلمان خان کی کھیتی باڑی پر تنقید کیوں؟
منگل 21 جولائی 2020 18:22
ایک سوشل میڈیا صارف نے کہا کہ ’بھائی کی اداکاری زبردست ہے۔‘ (فوٹو: انسٹاگرام سلمان خان)
معروف انڈین اداکار سلمان خان اپنے انسٹاگرام پر آج کل کھیتی باڑی کی ویڈیوز پوسٹ کر رہے ہیں جس پر ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے۔
سلمان خان اپنے پنویل فارم ہاؤس سے جاری ویڈیوز میں چاول کی فصل کاشت کرتے نظر آ رہے جس پر جہاں کچھ مداحوں نے ان کی تعریف کی ہے تو کچھ نے ان کی ویڈیوز کو ’بری ایکٹنگ‘ کی مثال قرار دیا ہے۔
ایک ویڈیو میں سلمان خان میں ویڈیو کے ساتھ لکھا کہ ’چاول کی کاشت مکمل ہو گئی‘ جس پر ایک صارف نے جواب دیا کہ ’برائے مہربانی آپ کسان ہی بن جائیں اور کبھی فلموں میں مت واپس آئیے۔‘
ایک اور صارف نے لکھا کہ ’بھائی کی اداکاری زبردست ہے۔‘ ایک اور صارف نے لکھا کہ ’یہ مشہوری حاصل کرنے کا ایک طریقہ ہے۔‘
ایک صارف کے مطابق کورونا کے دور میں سلمان خان بغیر ماسک کے نظر آ رہے ہیں۔
گذشتہ ہفتے سلمان خان کی ایک تصویر پر ان کا مذاق اڑایا گیا تھا جس میں وہ مٹی میں لپٹے نظر آ رہے تھے اور ساتھ ہی انہوں نے لکھا تھا ’کسانوں کے لیے خراج تحسین۔‘ اس پر ایک صارف نے ان سے پوچھا کہ ’کون سا کسان فوٹو شوٹ کروتا ہے؟‘
اس پوسٹ کے بعد سلمان خان نے ٹریکٹر پر کاشت کرتے ہوئے ویڈیو بھی اپلوڈ کی جس پر بھی انہیں تنقید کا سامنا رہا۔ صارفین نے انہیں ’شیخی بازی‘ کہا۔
سلمان خان آج کل اپنے پنویل فارم ہاؤس میں مقیم ہیں جہاں وہ مارچ میں لاک ڈاؤن سے پہلے آئے تھے۔ اپنے قیام کے دوران انہوں نے اپنے فارم ہاؤس کی صفائی اور غریبوں میں راشن تقسیم کرنے کی ویڈیوز بھی پوسٹ کی تھیں۔