مسجد الحرام کے سب سے بڑے گیٹ کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے(فوٹو ایس پی اے)
اس سال حج کے دوران مسجد الحرام کے سب سے بڑے دوازے باب الملک عبدالعزیز کو زائرین کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایک عرصے سے اس گیٹ کو جدید خطوط پر استوار کرنے، اصلاح و مرمت اور تزئین و آرائش کا کام چل رہا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبوی انتظامیہ کے سربراہ اعلی ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے باب الملک عبدالعزیز کا دورہ کیا۔ انہوں نے انجینیئرز، ہنرمندوں اور ورکرز کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کی کاوشیں قابل قدر ہیں۔ سارا کام معیاری انداز میں تیزی سے نمٹایا جائے۔
السدیس نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مسجد الحرام کی انتظامیہ حج زائرین کو بہترین خدمات فراہم کرنے، ان کے آرام و راحت کا سامان مہیا کرنے اور انہیں حج کے سارے کام سکون سے انجام دینے کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی قیادت چاہتی ہے کہ مہمان حرم جو جملہ سہولتیں بروقت اور معیاری مہیا ہوں۔ ان کے جذبے کی تکمیل کے لیے ہم سب دن رات ایک کیے ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ مسجد الحرام کے سب سے بڑے گیٹ کی تعمیر و تزئین کا کام تیزی سے جاری ہے اور یہ توسیعی منصوبے کا اہم حصہ ہے۔ گیٹ کے اففتاح کے بعد زائرین باب الملک عبدالعزیزسے براہ راست خانہ کعبہ جاسکیں گے۔
باب الملک عبدالعزیز مسجد الحرام کے جنوب میں صدر دروازہ ہے۔ اسے گیٹ ایک بھی کہا جاتا ہے۔ اس کی تعمیر میں اعلی کوالٹی کا تعمیراتی سامان، جدید ترین ٹیکنالوجی اور منفرد ڈیزائن کا لحاظ رکھا گیا ہے۔اس دروازے سے داخل ہوتے ہی زائر کے سامنے خانہ کعبہ آجاتا ہے۔
نیا باب الملک عبدالعزیز پرانی جگہ سے 50 میٹر باہر کی طرف بنایا گیا ہے۔ گیٹ کی مکمل اونچائی 51 میٹر ہے۔ باب الملک عبدالعزیز کے 2 مینارے ہیں جبکہ ایک مینار 137 میٹراونچا ہے۔ یہ پرانے مینارے سے 90 میٹر اونچا بنایا گیا ہے۔