حسینہ واجد کو پاکستان کے دورے کی دعوت
ٹیلفونک رابطے میں وزیراعظم نے شیخ حسینہ کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے بنگلہ دیشی ہم منصب شیخ حسینہ واجد سے کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں پر اظہار افسوس کیا ہے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے بدھ کے روز بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد سے ٹیلیفونک رابطے میں بنگلہ دیش میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے حوالے سے بنگلہ دیش کے اقدامات کو سراہا۔
وزیراعظم نے بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ کو پاکستان کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی۔
دونوں رہنماؤں نے عالمی وبا کے باعث درپیش متعدد چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
عمران خان نے بنگلہ دیش میں حالیہ سیلاب سے جانی ومالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
وزیراعظم نے شیخ حسینہ واجد کو ترقی پذیر ممالک کے لیے قرضوں کی ادائیگی میں ریلیف کے عالمی اقدام سے متعلق بھی آگاہ کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بنگلہ دیش کے ساتھ پاکستان کے تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور برابری پر مبنی ہیں۔