حفاظتی تدابیر اختیار نہ کرنے پر مشہور برانڈ کی تین برانچیں سربمہر
جمعرات 23 جولائی 2020 12:35
مشہور برانڈ کے خلاف کارروائی ایک شہری کی شکایت پر کی گئی ہے (فوٹو: سبق)
جدہ کی بلدیہ نے کورونا وائرس سے حفاظتی تدابیر کی پابندی نہ کرنے پر کپڑوں کی مشہور برانڈ کی تین برانچیں بند کردی ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق جدہ کی بلدیہ کے سیکریٹری انجینیئر محمد الزہرانی نے بتایا ہے کہ یہ کارروائی ایک شہری کی شکایت پر کی گئی ہے۔
شکایت موصول ہونے پر تفتیشی اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے تو وہاں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی تدابیر کی کھلی خلاف ورزیاں ہو رہی تھیں۔
مذکورہ برانڈ کی تینوں برانچوں میں حفاظتی و احتیاطی تدابیر کے متعلق مکمل لاپروائی برتی جا رہی تھی۔
بلدیہ کے تفتیشی اہلکاروں نے خلاف ورزی پر تینوں برانچوں کو سربمہر کردیا ہے اور جرمانہ کی مزید کارروائی کے لیے دکان کے مالک کو طلب کر لیا ہے۔