Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلدیہ کا اہلکار ظاہر کرکے وارداتیں کرنے والا غیر ملکی گرفتار

 چھ وارداتوں کے دوران 36ہزار ریال چرانے کا اعتراف کیا ہے۔فوٹو سوشل میڈیا
ریاض ریجن کی پولیس نے بلدیہ کے اہلکار کا روپ دھار کر دکانوں میں وارداتیں کرنے والے غیر ملکی کو گرفتارکیا ہے۔
ملزم نے ابتدائی تحقیقات میں  چھ وارداتوں کے دوران 36ہزار 250 ریال چرانے کا اعتراف کیا ہے۔
 سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق’ ریجنل پولیس ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس کوایک ایسے ملزم کے بارے میں اطلاع ملی تھی جو خود کو بلدیہ کا اہلکارظاہر کرکے دکانداروں کو لوٹتا تھا‘۔

ملزم  مارکیٹوں میں خود کو بلدیہ کا اہلکار ظاہر کرتا تھا۔فوٹو سوشل میڈیا

ریجنل پولیس کے بیان میں مزید کہاگیا ’ ملزم کے بارے میں اطلاع ملنے پر اس کی گرفتاری کےلیے وسیع پیمانے پر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا‘۔
’ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرنے کے لیے پولیس نے جامع حکمت عملی مرتب کرتے ہوئے ان مقامات کی نشاندہی کی جہاں وہ وراداتیں کر چکا تھا‘۔
پولیس ٹیم اپنی حکمت عملی میں کامیاب رہی ۔ ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق غیر ملکی ملزم کی عمر 40 برس کے قریب ہے جو شہر کے مختلف علاقوں کی مارکیٹوں میں خود کو بلدیہ کا اہلکار ظاہر کرتا تھا۔
پولیس کے مطابق ’ملزم دکان میں کام کرنے والوں کی دستاویزات چیک کرنے کے بہانے ان کی تلاشی لیتا اور جو بھی رقم نکلتی اسے رکھ لیتا‘۔
 ملزم کے بارے میں مزید معلوم ہوا کہ وہ دکانوں کے کیش بکس اور صندوق سے رقم نکال لیتا تھا۔
پولیس نے مقدمہ دائر کر کے کیس تحقیقاتی ادارے کے سپرد کر دیا جہاں چالان مکمل کرنے کے بعد عدالت میں پیش کیاجائے گا۔

شیئر: