سعودی رنر ’کاریمان ابو الجدایل‘ نے روئنگ میں جی سی سی کی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق ریاض سی سپورٹس کلب میں کایاک، روئنگ اور بادبانی کمیٹی نے الرجومیز ہالز میں روئنگ کی پہلی جی سی سی چیمپیئن شپ کا انتظام کیا تھا- کاریمان ابو الجدایل نے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ سعودی لڑکی کاریمان ابو الجدایل نے کامیابی سے پوری عرب دنیا میں نمیاں مقام حاصل کیا ہے-
سعودی رنر نے لیڈیز سپورٹس کی تاریخ میں اپنی الگ پہچان بنا لی ہے ۔ جی سی سی ممالک کی سطح پر روئنگ چیمپیئن کا اعزاز حاصل کرنے والی پہلی خاتون بن گئی ہیںا۔
کاریمان ابو الجدایل سعودی، کویتی، اماراتی، بحرینی اور عمانی قومی ٹیموں کے ساتھ مقابلے میں شریک ہوئیں۔ مقابلے چار زمروں میں ہوئے۔
یاد رہے کہ کاریمان ابو الجدایل 2016 سمر اولمپک گیمز میں سو میٹر لیڈیز کی دوڑ کے مقابلے میں شرکت کر چکی ہیں۔ وہ پہلی سعودی لڑکی ہے جنہوں نے اس قسم کے مقابلے میں حصہ لیا تاہم انہیں پہلے راؤنڈ میں 49.61 سیکنڈز پر 8 ویں پوزیشن کے بعد آؤٹ کر دیا گیا تھا۔
کاریمان 1994 میں پیدا ہوئیں۔ ریاض کے اسلامک ٹریننگ سکول سے فراغت کے بعد امریکی شہر بوسٹن کی نارتھ ایسٹرن یونیورسٹی سے سول انجینیئرنگ میں بی ٹیک اور ایم ٹیک کیے۔
ان دنوں وہ کنگ فیصل یونیورسٹی ریاض میں تدریس کے شعبے سے منسلک ہیں۔
کاریمان نے اپنا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ ’بچپن سے ہی کھیل میں دلچسپی تھی۔ والدہ ثریا الشہری نے جو معروف مصنفہ ہیں میری حوصلہ افزائی کی۔ بچپن میں کھانا پینا اور انواع و اقسام کے کھانوں کا انتخاب میرا دلچسپ مشغلہ تھا۔ والدہ وزن کم کرنے کے لیے مجھے ہر اس کھیل کی اجازت دے دیتی تھیں جس میں میں دلچسپی دکھاتی تھی۔ ابتدا فٹبال سے کی اور اس کے بعد ریس کی سپورٹس مجھے بھا گئی۔ جب بھی اہل خانہ باہر جاتے میں طویل فاصلے تک دوڑا کرتی۔